دہشت گردوں کو سرعام سزا دی جائے، یوم شہادت امام علیؑ پر فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے، علامہ اشفاق وحیدی اور مولانا حافظ اقبال کا مشترکہ پیغام
شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما اور اوسپاک انٹرفیتھ بورڈ کے چیئرمین علامہ اشفاق وحیدی اور امن کمیٹی راولپنڈی کے چیئرمین مولانا حافظ اقبال نے استقبال ماہ رمضان کے مشترکہ پیغام میں کہا کہ آج تک جتنے بھی سانحات ہوئے، مجرموں کو سرعام سزا نہیں دی گئی۔ اگر سرعام سزا دی جاتی تو بے گناہ لوگوں کا قتل عام رک جاتا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات کا عزم کیا کہ ماہ مبارک میں خطباء و ذاکرین محراب و ممبروں سے امن، اتحاد، اخوت و بھائی چارے کا پیغام دیں۔
یہ بھی پڑھیں: جنگ چاہتے ہیں تو مذاکرات کی بات کیوں؟ یہ دوغلا اور غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے، میجر جنرل موسوی
علامہ اشفاق وحیدی نے کہا کہ حضرت امام علی علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر حکومت اور انتظامیہ فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کرے۔ وہ عناصر جو ملک دشمن قوتوں کے آلہ کار بن کر وطن عزیز میں دہشت گردی، فرقہ واریت اور بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کے خلاف حکومت عملی اقدامات کرے تاکہ معاشرے میں امن قائم ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہادت امام علی علیہ السلام کی مجالس اور جلوسوں پر کسی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کریں گے۔ عزاداروں اور ماتمیوں سے بھی اپیل ہے کہ وہ امن و امان کے سلسلے میں پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔







