مشران ضلع کرم کاایم ڈبلیوایم کےپارلیمانی لیڈر انجینئرحمید حسین کی قیادت میں وزیر اعلیٰ کےپی کےسہیل آفریدی کے ساتھ اہم جرگہ
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پارلیمانی لیڈر، رکنِ قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین طوری کی قیادت میں ضلع کرم کے مشران و عمائدین پر مشتمل ایک اہم جرگہ وزیرِاعلیٰ ہاؤس پشاور میں محمد سہیل آفریدی کے ساتھ منعقد ہوا۔ جرگے کی صدارت وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کی۔ جرگے میں مشران و عمائدین نے ضلع کرم کو درپیش عوامی، سماجی اور علاقائی امور پر تفصیلی اور سنجیدہ تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا نے آئندہ ہفتے ضلع کرم کے دورے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل اور فوجی آپریشن سے متاثرین و بےگھر خاندانوں کی رجسٹریشن اور ان کے حل کے لیے حکومت زمینی حقائق کے مطابق عملی اقدامات کرے گی۔ انہوں نے ٹل پارہ چنار روڈ کو ضلع کرم کی واحد شاہراہ صرف دو گھنٹوں کے لیے کھولنے کو افسوسناک امر قرار دیا اور واضح کیا کہ ضلع کرم پاکستان کا حصہ ہے، کوئی مقبوضہ علاقہ نہیں، اس لیے شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت ان کا بنیادی حق ہے۔
وزیرِاعلیٰ نے سنٹرل کرم میں فوجی آپریشن سے متاثرہ خاندانوں کے دکھ درد کا اعتراف کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ متاثرین کے مسائل ایک ہفتے کے اندر ایمرجنسی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ انہوں نے ضم شدہ اضلاع میں نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں اور یوتھ اینگیجمنٹ کے لیے 60 ملین روپے کی فراہمی کا اعلان بھی کیا۔جرگے میں اس امر پر زور دیا گیا کہ ضلع کرم میں فرقہ وارانہ بنیادوں پر فسادات دشمن قوتوں کا ایجنڈا ہیں جنہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تشدد اور نفرت کے بجائے تعلیم، شعور اور قلم کو ہتھیار بنایا جائے گا تاکہ خطے میں پائیدار امن اور ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ آخر میں انجینئر حمید حسین طوری نے وزیرِاعلیٰ جناب محمد سہیل آفریدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومت کی سنجیدہ توجہ اور بروقت اقدامات سے ضلع کرم کے دیرینہ مسائل حل ہوں گے اور عوام کا اعتماد بحال ہوگا۔







