ملک گیر ریلیوں نے دشمنوں کی سازشیں ناکام بنا دیا، رہبرِ معظم
شیعیت نیوز : رہبرِ معظم آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے حکومت کے حق میں ہونے والے ملک گیر مظاہروں پر ایرانی قوم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اسے ملکی تاریخ کا ایک اہم اور یادگار دن قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عظیم ایرانی قوم نے آج ایک تاریخی دن رقم کیا ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای کے مطابق آج ہونے والی عظیم ریلیوں نے غیر ملکی دشمنوں کی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں ایران کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے اندرونِ ملک کرائے کے ایجنٹوں کو استعمال کرنا چاہتی تھیں، تاہم ایرانی عوام نے اتحاد اور بصیرت کے ساتھ ان سازشوں کو خاک میں ملا دیا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی جارحانہ پالیسیاں مشرقِ وسطیٰ کے امن کے لیے خطرہ ہیں، علامہ حیات عباس نجفی
رہبرِ انقلاب نے کہا کہ ایرانی قوم نے دشمنوں کے مقابلے میں اپنے عزم، شعور اور قومی شناخت کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ مظاہرے دراصل امریکی سیاستدانوں کے لیے ایک واضح پیغام اور سخت انتباہ تھے۔
آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے امریکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فریبی اقدامات بند کرے اور کرائے کے آلہ کاروں پر انحصار کرنا چھوڑ دے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایرانی قوم مضبوط، طاقتور اور باخبر ہے، دشمن کو اچھی طرح پہچانتی ہے اور اس کے خلاف ہمیشہ میدان میں موجود رہتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی عوام کا اتحاد اور بیداری دشمنوں کے تمام عزائم کو ناکام بنانے کے لیے کافی ہے اور یہی اتحاد و شعور اسلامی جمہوریہ ایران کی اصل طاقت ہے۔








