موجودہ حالات میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات ممکن نہیں، ایرانی وزیرِ خارجہ
شیعیت نیوز: ایران کے وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی نے واضح کیا ہے کہ موجودہ حالات میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا کوئی امکان نہیں، کیونکہ واشنگٹن کی موجودہ پالیسیاں بات چیت کے لیے سازگار ماحول فراہم نہیں کر رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، کابینہ اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ ایران نے کبھی مذاکرات کی میز نہیں چھوڑی اور آج بھی باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر مذاکرات کے لیے آمادہ ہے، تاہم امریکی رویہ ایسا نہیں جو بات چیت کو ممکن بنا سکے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ مسئلہ ایران کی آمادگی کا نہیں بلکہ امریکہ کی عملی پالیسیوں اور طرزِ عمل کا ہے، جو مذاکرات کے راستے میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایران میں چھوٹے ایٹمی بجلی گھروں کی تعمیر پر روسی تعاون، دور افتادہ علاقوں کے لیے نیا حل
وزیرِ خارجہ نے بتایا کہ وہ آج لبنان کے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں، جہاں ان کے ہمراہ ایک اقتصادی وفد بھی ہوگا۔ اس دورے کا مقصد ایران اور لبنان کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینا ہے، جس میں اقتصادی تعاون کو خصوصی اہمیت حاصل ہوگی۔
عباس عراقچی کے مطابق ایران خطے کے دوست ممالک کے ساتھ سیاسی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ کو اپنی خارجہ پالیسی کا اہم ستون سمجھتا ہے، اور لبنان کے ساتھ تعاون اسی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔







