ایران کا میزائل پروگرام پر مذاکرات سے صاف انکار: دفاعی صلاحیتیں قومی خود مختاری کا لازمی جزو ہیں
شیعیت نیوز: اسلامی جمہوریہ ایران نے میزائل پروگرام اور قومی خود مختاری کے دفاع کے لیے مذاکرات کرنے سے انکار کر دیا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ بات ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پریس کانفرنس کے دوران اسرائیلی اور امریکی میڈیا رپورٹس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہی۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران کے میزائل پروگرام پر دباؤ ڈالنے کے لیے اسرائیل کی جانب سے ممکنہ نئی فوجی کارروائی کی باتیں سامنے آ رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اصل میزائل طاقت ابھی تک استعمال نہیں ہوئی وقت آنے پر استعمال کریں گے، ترجمان ایرانی مسلح افواج
اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران کی دفاعی صلاحیتیں ممکنہ جارحیت کو روکنے کے لیے ہیں اور ان پر کسی قسم کی سودے بازی یا بات چیت نہیں کی جا سکتی۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام ایران کی قومی سلامتی کا لازمی جزو ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے میزائل پروگرام پر حالیہ میڈیا توجہ دراصل اسرائیل کی جانب سے امریکہ اور بعض مخالف میڈیا اداروں کی مدد سے ایران کے خلاف جاری "ہائبرڈ وار” کا حصہ ہے۔







