حضرت فاطمہ زہراءؑ کامل ترین اسوہ اور عملی قرآن کا مظہر ہیں، علامہ شہنشاہ حسین نقوی

13 دسمبر, 2025 11:08

شیعیت نیوز: جعفریہ الائنس پاکستان کے صدر علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے 20 جمادی الثانی دخترِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کے یومِ ولادت کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت زہراء سلام اللہ علیہا کی ذاتِ اقدس عالمِ انسانیت کے لیے کامل ترین اسوہ اور عملی قرآن کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ سلام اللہ علیہا کی سیرت میں تقویٰ، عفت، ایثار، عدل، علم اور شجاعت اپنی معراج پر نظر آتے ہیں جو ہر دور میں انسانیت کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ولادت عید کا دن، نمونۂ عمل زندگی ہے، ڈاکٹر سید محمد نجفی

علامہ شہنشاہ نقوی نے کہا کہ بی بی فاطمہ سلام اللہ علیہا نے مدینہ کی اسلامی بستی میں ایک ایسے گھرانے کی بنیاد رکھی جس نے فکر، کردار، حریت اور قربانی کی ایسی روشن مثالیں قائم کیں جو رہتی دنیا تک انسانیت کو روشنی دیتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آپ سلام اللہ علیہا کی زندگی آج کی خواتین و مردوں کے لیے بہترین نمونہ ہے اور آپ سلام اللہ علیہا کے خطبات، تعلیمات اور اجتماعی کردار امت کی اصلاح کا بنیادی چارٹر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج امتِ مسلمہ بالخصوص ملتِ جعفریہ کو سیرتِ زہراء سلام اللہ علیہا کو اپنی اجتماعی اور فلاحی ترجیحات کا مرکز بنانا ہوگا۔ حضرت زہراء سلام اللہ علیہا نے ہمیشہ مظلوموں، محروم طبقات اور عدل کے قیام کے لیے آواز بلند کی، اور یہی پیغام آج ہمارے معاشرے کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

علامہ شہنشاہ نقوی نے کہا کہ معاشرتی بگاڑ، ناانصافی، اخلاقی زوال اور تقسیم کے اس دور میں سیرتِ فاطمیؑ ہی وہ حقیقی راستہ ہے جو اتحاد، کردار سازی اور اجتماعی اصلاح کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر پوری ملتِ جعفریہ، پاکستان اور عالمِ اسلام کو یومِ ولادتِ باسعادتِ سیدۃ نساء العالمین سلام اللہ علیہا کی مبارکباد پیش کی۔

آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کی حفاظت فرمائے، ملتِ جعفریہ کو استقامت عطا کرے اور ہمیں حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی سیرت پر عمل کی توفیق عطا فرمائے۔

11:34 صبح مارچ 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔