حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ولادت عید کا دن، نمونۂ عمل زندگی ہے، ڈاکٹر سید محمد نجفی
شیعیت نیوز: وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے رابطہ سیکریٹری حجۃ الاسلام ڈاکٹر سید محمد نجفی نے جامع مسجد علی حوزہ علمیہ جامعہ المنتظر میں خطبۂ جمعہ میں ولادتِ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ خاتونِ جنت سلام اللہ علیہا کا یومِ ولادت عید کا دن ہے کہ اس دن اللہ تعالیٰ نے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کی شکل میں بیٹی عطا فرمائی۔
انہوں نے کہا کہ حضرت خدیجۃ الکبریٰ سلام اللہ علیہا کی وفات کے بعد سب سے زیادہ جس خاتون نے خاتونِ جنت کا خیال رکھا وہ حضرت فاطمہ بنت اسد ہیں، البتہ ان کے علاوہ بھی چند خواتین کا تذکرہ ملتا ہے۔ روایات کے مطابق جناب فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کی عمر 18 برس کے لگ بھگ ہے، اپنے اس عرصۂ حیات میں پاک بی بی نے ایک مکمل زندگی گزاری، جو نمونۂ عمل قرار پائی، چاہے وہ بیٹی کی صورت میں ہو، بیوی یا ماں کی صورت میں۔ رسولِ خدا فرماتے ہیں: اے عائشہ! جب مجھے جنت کی خوشبو سونگھنا ہوتا ہے تو اپنی بیٹی زہرا سلام اللہ علیہا کے ہاتھ چوم لیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سردار الانبیاء تک بات پہنچانے کے لیے بہترین توسل ذاتِ گرامی فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسوہ فاطمی عورت کی ترقی کا نمونہ ہے، آیت اللہ علی رضا اعرافی
انہوں نے کہا کہ شیعہ کے حوالے سے استاد العلماء علامہ محمد یار نجفی مرحوم فرماتے ہیں کہ وہ شخص کہ جس کے مکمل اعضاء و جوارح پر اہل بیت اطہار علیہم السلام کی مرضی چلے تو وہ شیعہ ہے، اگر محمد و آل محمد علیہم السلام کی مرضی کے مطابق زندگی گزاریں گے تو شیعہ اہل بیت کہلائیں گے۔
ڈاکٹر سید محمد نجفی نے کہا کہ بی بی زہرا سلام اللہ علیہا فرماتی ہیں کہ ہماری محبت کے سانچے میں زندگی گزاریں گے تو پھر آپ ہمارے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آیت مباہلہ، آیت تطہیر وہ آیات ہیں جنہیں خاص طور پر کہا جا سکتا ہے کہ یہ شانِ بی بی زہرا سلام اللہ علیہا میں نازل ہوئی ہیں۔







