منہاج القرآن ویمن لیگ کی جانب سے حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی ولادت کی روح پرور تقریب
شیعیت نیوز – سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کے یومِ ولادت کی مناسبت سے منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیرِ اہتمام لاہور پاکستان میں ایک روح پرور اور عقیدت بھری تقریب کا شاندار اہتمام کیا گیا، جس میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی لختِ جگر سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کی سیرتِ پاک، عظیم کردار اور بلند اوصاف پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔
خواتین مقررین نے قرآن و حدیث کی روشنی میں سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا کی عظمتِ شان، عبادت گزاری، تقویٰ، حلم اور ایثار کو نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ خراجِ تحسین پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: حضرت فاطمہ زہراؑ خواتین کے لیے بہترین اسوہ، نکاح میں عورت کی مرضی لازمی ہے، علامہ مقصود ڈومکی
منہاج القرآن ویمن لیگ کی ہیڈ کوآرڈینیشن کونسل لبنیٰ مشتاق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا امتِ مسلمہ کی خواتین کے لیے کامل رول ماڈل ہیں۔ آپ سلام اللہ علیہا کی سیرتِ طیبہ، پاکیزہ کردار اور اعلیٰ اخلاق ہر مسلمان عورت کے لیے کامل نمونۂ عمل ہیں۔ آپ نے نہ صرف گھریلو اور سماجی ذمہ داریوں میں بے مثال کردار ادا کیا بلکہ عبادت، تقویٰ، حلم، صبر اور اخلاق کے ہر پہلو میں اعلیٰ ترین عملی نمونہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ سیدہ فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا کا کردار آج کی مسلمان خواتین کو یہ رہنمائی دیتا ہے کہ علم، وقار، سادگی، ایثار اور اصول پسندی کے ساتھ دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ آپ سلام اللہ علیہا کا علمِ حدیث، سیرتِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ اور اہل بیت اطہار علیہم السلام کی علمی و روحانی وراثت کی حفاظت میں اہم کردار تاریخ کا روشن باب ہے۔ آپ وہ خوش نصیب ہستی ہیں جنہیں تاجدارِ کائنات حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خصوصی، بے مثال اور والہانہ محبت نصیب ہوئی۔ رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ’’فاطمہ میرے جگر کا ٹکڑا ہے‘‘۔
ممبر کوآرڈینیشن کونسل عائشہ مبشر نے کہا کہ اللہ رب العزت نے سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کو سیدۃ نساء العالمین کے تاج سے سرفراز فرمایا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے آپ کو جنتی خواتین کی سردار قرار دیا۔ آپ کی سیرت ہر دور کی خواتین اور خاندانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر مسلم خاندان حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کے طرزِ حیات، تربیت کے اصول، سادگی، وقار اور اخلاق کو اپنا لیں تو گھروں میں محبت، استحکام، باہمی احترام اور روحانی سکون کی فضائیں قائم ہو جائیں گی۔
ممبر کوآرڈینیشن کونسل حافظہ سحر عنبرین نے کہا کہ حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کی سیرت کا پیغام آج کے دور میں مزید اہم ہے کیونکہ معاشرہ مادیت، بے راہ روی اور اخلاقی زوال کا شکار ہے۔ سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا کا اصل پیغام یہ ہے کہ انسان اپنے کردار سے حق و خیر کو فروغ دے، ظلم کے مقابلے میں صبر و استقامت اختیار کرے اور اخلاقِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائے۔
تقریب میں محترمہ عائشہ مبشر، محترمہ اقرا مبین، محترمہ راضیہ غنی، محترمہ حنا فاطمہ، عائشہ بتول سمیت دیگر خواتین رہنماؤں نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا اور شرکاء نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ امتِ مسلمہ کو سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کی سیرت پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمارے گھروں، معاشرے اور نوجوان نسل میں ان کی تعلیمات کے فیض عام فرمائے۔







