حضرت فاطمہ زہراؑ خواتین کے لیے بہترین اسوہ، نکاح میں عورت کی مرضی لازمی ہے، علامہ مقصود ڈومکی

12 دسمبر, 2025 10:20

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی ذاتِ اقدس عالمِ انسانیت خصوصاً صنفِ نسوان کے لیے بہترین اسوۂ حسنہ اور حقیقی رہنما ہے۔ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے آپ سلام اللہ علیہا کو دونوں جہانوں کی عورتوں کی سردار قرار دیا۔ آپ وہ عظیم ہستی ہیں جن کے احترام میں سرورِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خود کھڑے ہو جایا کرتے تھے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں جشنِ میلاد حضرت سیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

یہ بھی پڑھیں: علامہ شبیر میثمی کی قومی علماء و مشائخ کانفرنس میں شرکت، وزیراعظم اور آرمی چیف کی موجودگی میں تمام مکاتب فکر کے علماء کا اہم اجتماع

تقریب کا پرنور آغاز مولانا عبدالہادی گولاٹو کی جانب سے حدیثِ کساء کی تلاوت سے ہوا، جس کے بعد عرفان علی درویش اور غلام شبیر پنجتنی نے بارگاہِ حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا میں منظوم نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر محسن علی لغاری کا نکاح بھی بزرگانداز اہتمام سے منعقد ہوا۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے نکاح کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نکاح ایک مقدس رشتہ ہے جس کے ذریعے اللہ تعالیٰ نسلِ انسانی کی بقا کو جاری رکھتا ہے۔ باقی تمام رشتے انسان کے اختیار کے بغیر بنتے ہیں جیسے ماں، باپ اور اولاد کا رشتہ، یہ سب خالقِ کائنات کی جانب سے طے ہوتے ہیں، مگر شریکِ حیات کے انتخاب کا حق مرد و عورت دونوں کو مکمل طور پر دیا گیا ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ اسلام میں خواتین کی مرضی کے بغیر ان کا رشتہ طے کرنا جائز نہیں۔ اسلام نے عورت کو عزت، اختیار اور مکمل احترام کے ساتھ شریکِ حیات کے انتخاب کا حق عطا کیا ہے۔

اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے محسن علی لغاری اور ان کے اہلِ خانہ کو نکاح کی دلی مبارکباد پیش کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس رشتے کو خیر و برکت، محبت اور سکون کا ذریعہ قرار دے۔

8:05 شام مارچ 14, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔