غزہ کا انتظام فلسطینی عوام خود کریں گے، کوئی بیرونی فورس یا نگرانی قبول نہیں، حماس رہنما خالد مشعل
شیعیت نیوز: اسلامی تحریک حماس کے بیرون ملک سربراہ خالد مشعل نے الجزیرہ ٹی وی چینل کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کا انتظام سنبھالنے کا فیصلہ صرف فلسطینی عوام کو ہی کرنا چاہیے۔
خالد مشعل نے کہا: غزہ کو امداد کی فراہمی ایک انتہائی ضروری امر ہے اور تحریک کی قیادت اسی کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے مزید کہا: غزہ میں امداد کی ترسیل جنگ کے خاتمے کے سمجھوتے کے دوسرے مرحلے میں داخل ہونے کے لیے بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔
حماس کے سربراہ نے اس بات پر زور دیا کہ حقیقی خطرہ اسرائیلی حکومت کی طرف سے ہے نہ کہ غزہ کی طرف سے، اور کہا: غزہ کا انتظام و انصرام فلسطینیوں کے ہاتھ میں ہونا چاہیے اور انہیں ہی غزہ سے متعلق فیصلے کرنے کا اختیار حاصل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ میں نسل کشی تاریخ کی بدترین، اقوام متحدہ مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، علامہ سید ساجد علی نقوی
مشعل نے اتوار کے روز اپنے ایک ویڈیو پیغام میں بھی کہا تھا کہ غزہ میں موجود مزاحمت اپنے ہتھیار ہرگز نہیں ڈالے گی اور نہ ہی وہ غزہ کی پٹی میں کسی بھی قسم کی بیرونی نگرانی، بشمول بین الاقوامی فورس کی تعیناتی، کو قبول کرے گی۔







