پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی ختم کرنے کے لیے فریقین سے رابطے میں ہیں، ایران
شیعیت نیوز: ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی پر گہری تشویش میں مبتلا ہے اور تہران دونوں ہمسایہ ممالک کے ساتھ مسلسل رابطوں میں رہتے ہوئے تناؤ میں کمی کے لیے سرگرم سفارتی کوششیں کر رہا ہے۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ ایران کے دونوں ممالک کے ساتھ گہرے ثقافتی اور دینی رشتے ہیں اور تینوں کے درمیان مشترکہ سرحدیں بھی واقع ہیں۔ خطے میں کسی بھی قسم کی بدامنی ایران کے مفادات کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ کشیدگی کے ابتدائی دنوں ہی میں ایران نے ثالثی اور ہر ممکن تعاون کے لیے اپنی آمادگی کا اعلان کر دیا تھا اور یہ عمل ایک مستقل اور جاری سفارتی سلسلے کا حصہ ہے۔ ایران بیک وقت پاکستان اور افغانستان دونوں کے ساتھ رابطے میں ہے اور دونوں فریقین کو کشیدگی کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی حملے بین الاقوامی قانون کی سب سے بڑی خلاف ورزی ہے، ایرانی وزیر خارجہ
بقائی کے مطابق حالیہ دنوں میں علی لاریجانی کے دورۂ پاکستان میں بھی پاکستان اور افغانستان کے درمیان تناؤ کا معاملہ زیرِ بحث آیا تھا۔
ترجمان نے زور دیا کہ ایران خطے میں امن و استحکام کو ناگزیر سمجھتا ہے اور اسی مقصد کے تحت کشیدگی میں کمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔







