فلسطینیوں کی استقامت قرآن کی طاقت ہے، ہماری تباہی قرآن سے دوری ہے، آیت اللہ سید ریاض حسین نجفی

02 دسمبر, 2025 12:56

شیعیت نیوز: وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے جامعہ المنتظر لاہور میں خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ آج تک اصل منبعِ تبلیغ قرآن مجید ہے جو طاقت و قوت پیدا کرتا ہے اور آزادی کا درس دیتا ہے۔ قرآن نے انسان کو ہر در پر جھکنے کے بجائے صرف ایک در یعنی اللہ تعالیٰ کی رہبری کی طرف بلایا ہے۔ وہی معبود، وہی خالق و مالک اور رازق ہے۔ ہماری تباہی کی وجہ قرآن سے دوری کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کی جنگ کو ہی دیکھ لیں، پوری دنیا نے اسرائیل کی سپورٹ کی لیکن فلسطینی مسلمان پھر بھی ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہے، جبکہ باقی مسلمان حکمران ڈرتے رہے اور فلسطینی عوام کی حمایت کا حق ادا نہ کر سکے۔

یہ بھی پڑھیں: آج کی غلامی فرد کی نہیں، پوری قوموں اور ریاستوں کی ہے، علامہ ساجد علی نقوی

آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا کہ فلسطینی مسلمانوں نے قرآن سے سیکھا کہ ڈر صرف اللہ کا ہے اور یہی اہلِ ایمان کی سب سے بڑی طاقت ہے۔

انہوں نے حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر ماڈل ٹاؤن میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر قرآن کے مطابق بچوں کی تربیت نہ کی تو قیامت تو دور کی بات ہے، ہم قبر میں ہی پکڑے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی عربی کو عجمی پر اور کسی گورے کو کالے پر کوئی فضیلت حاصل نہیں، فضیلت صرف تقویٰ کی بنیاد پر ہے۔ حضور علیہ السلام نے تمام تعصبات سے ہٹ کر سب کو برابر سمجھ کر تبلیغِ رسالت انجام دی، جس کے نتیجے میں 23 سال میں ایک طاقتور اسلامی حکومت قائم ہوئی اور آج اسلام بطورِ نمونہ دنیا کے سامنے موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام تمام قسم کے تعصبات سے پاک مذہب ہے، اسی لیے حضورؐ کی تبلیغ نے اتنا گہرا اثر کیا کہ مختصر عرصے میں ایک عظیم الشان حکومت قائم ہو گئی۔

8:10 صبح اپریل 17, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔