حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں نے نوجوانوں کو تعلیم و دین سے دور کر دیا، علامہ اشفاق وحیدی
شیعیت نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے علامہ اشفاق وحیدی نے ذائبسٹ یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی کے سرپرست جناب آصف خان سے ملاقات کی اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو درپیش سنگین مسائل جیسے بے روزگاری، مہنگائی اور نوجوانوں کے مستقبل کے حل کے لیے سنجیدہ پالیسیاں بنانا اور ان پر عمل درآمد کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج نوجوان نسل کی تعلیم اور دین سے دوری کا سب سے بڑا سبب موجودہ حکمران طبقہ بن رہا ہے، جس کی وجہ سے عوام اندھیرے جیسے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ان چیلنجز سے نجات کے لیے علم کی روشنی کو عام کرنا لازمی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی فوج تباہی کے دہانے پر، ریٹائرڈ جنرل کا خوفناک انکشاف
علامہ اشفاق وحیدی نے مزید کہا کہ موجودہ دہشت گردی کی نئی لہر سے واضح ہے کہ ملک دشمن قوتیں دوبارہ متحرک ہو چکی ہیں، جس کے نتیجے میں پاک فوج اور سیکورٹی فورسز کے درجنوں بہادر نوجوان شہید ہو چکے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور وطن عزیز کے استحکام کے لیے تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کا ایک میز پر بیٹھنا اور مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ دشمن کی بنائی گئی سازشوں اور پالیسیوں کو ناکام بنایا جا سکے۔







