ایران پاکستان گیس پائپ لائن کے رکے ہوئے معاملات جلد حل ہوں گے، علی لاریجانی
شیعت نیوز: ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے کہا ہے کہ ایران–پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے سے متعلق رکے ہوئے معاملات جلد حل ہونے کی امید ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنی حدود تک گیس لائن کی تعمیر مکمل کر چکا ہے اور یہ منصوبہ کئی برسوں سے دونوں ممالک کے درمیان زیرِ التوا ہے۔
علی لاریجانی نے پاکستان–افغانستان کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران خطے میں امن و استحکام چاہتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کم کرنے کے لیے مصالحانہ کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی گئی ہے۔
فلسطین خصوصاً غزہ کی موجودہ صورتِ حال پر گفتگو کرتے ہوئے ایرانی نمائندے نے کہا کہ خطے کے حالات فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق نہیں ہیں، تاہم ایران اور پاکستان اس معاملے پر مشترکہ مؤقف رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: رہبر معظم کا پاکستانی قوم کو سلام اور پیغامِ تشکر
انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان سیکورٹی تعاون کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں کے باوجود ایران نے مؤثر اقدامات کیے ہیں اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون جاری ہے۔
علی لاریجانی نے مزید کہا کہ جس طرح ایران–چین اور ایران–روس کے ساتھ اقتصادی و اسٹریٹجک تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں، اسی طرح پاکستان کے ساتھ بھی باہمی تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان کے مطابق حالیہ دورے میں ہونے والی ملاقاتیں دونوں ممالک کے اقتصادی اور علاقائی تعلقات کو مزید تقویت دیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے تعلقات دیرینہ، برادرانہ اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔







