تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اہم اجلاس، سندھ بھر میں عوامی رابطہ مہم کے آغاز کا اعلان

25 نومبر, 2025 20:20

شیعیت نیوز: تحریک تحفظ آئین پاکستان صوبہ سندھ کا اہم اجلاس مرکزی وائس چیئرمین سید زین شاہ کی صدارت میں کراچی میں منعقد ہوا، جس میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ، مجلس وحدت مسلمین کے مولانا صادق جعفری، علامہ مبشر حسن سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے منیر نائچ، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سرباز عبدالرب، بشیر خان ترین، سمیت دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی و آئینی صورتحال پر تفصیلی غور و فکر کیا گیا اور اہم فیصلے کئے گئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں کموں شہید گھوٹکی سے کراچی تک تین روزہ عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا جائے گا، جس میں تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل جماعتوں کے مرکزی قائدین عوام سے براہ راست ملاقاتیں کریں گے۔ اجلاس میں 21 نومبر کو سندھ بھر میں یومِ سیاہ بھرپور طریقے سے منانے پر عوام کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جبکہ 27ویں آئینی ترمیم کے خلاف ملک بھر میں وکلاء کی جاری جدوجہد کو بھی سراہا گیا۔

وائس چیئرمین تحریک تحفظ آئین پاکستان و سندھ یونائیٹڈ پارٹی سندھ کے صدر سید زین شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں کموں شہید سے کراچی تک تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے عوامی رابطہ مہم شروع کی جائے گی عوامی رابطہ مہم میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی، علامہ راجہ ناصر عباس، اسد قیصر سمیت دیگر مرکزی قائدین شرکت کریں گے۔ تین روزہ مہم کموں شہید سے کراچی تک ریلی کی صورت میں نکالی جائے گی جومختلف شہروں سے ہوتی ہوئے تیسرے روز کراچی پہنچے گی۔ انہوں نے کہا عوام موجودہ نظام سے بیزار ہوچکی ہے بے روزگاری، بدحالی، مہنگائی نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ 27 ویں آئینی ترمیم لاکر آئین و قانون کی بالادستی کو ختم کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کی بحریہ نے بین الاقوامی اور دوردراز سمندری علاقوں میں 103 سے زائد ٹاسک فورسز تعینات کیں

تحفظ آئین پاکستان کے رہنماوں نے کہا سندھ میں پیپلزپارٹی عوامی ردعمل سے بچنے کے لئے بار بار دفعہ 144 نافذ کر کے سیاسی سرگرمیوں کو روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے حیدرآباد میں جلسے کے اعلان کے بعد صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ نے ثابت کردیا کہ پیپلزپارٹی سندھ میں اپنی عوامی مقبولیت کھو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام بے روزگاری، مہنگائی اور بدحالی سے تنگ آچکے اس لیے ملک گیر تحریک اب فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔

عوام کی رائے دبانے اور جعلی مینڈیٹ سے بننے والی حکومتوں کو مسلط کرنے کی کوشش مزید نہیں چلے گی۔اور 27ویں آئینی ترمیم نے عدلیہ کی آزادی کو شدید نقصان پہنچایا ہے، اور عوامی جدوجہد سے ہی موجودہ چوری شدہ مینڈیٹ سے بننے والے نظام کو تبدیل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے محبوب قائد عمران خان کو ناحق قید کر کے عوام دشمن ترامیم لائی جا رہی ہیں، جنہیں کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے جلسوں اور عوامی رابطہ مہم سے خوفزدہ ہو کر سندھ میں دفعہ 144 نافذ کی گئی، مگر عوام کو ان کے حق کے لئے نکلنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ دسمبر کے پہلے ہفتے میں کموں شہید سے کراچی تک ہونے والی تین روزہ عوامی رابطہ مہم میں مختلف شہروں میں بڑے اجتماعات منعقد کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا سندھ کی عوام پیپلزپارٹی سے بیزار ہوچکی ہے پوری قوم کی عمران خان کی طرف دیکھ رہی ہے ملک میں سیاسی استحکام نہ رہا تو حالات مزید خراب ہونگے۔

انہوں نے کہا سندھ میں پیپلزپارٹی نے گزشتہ 17 برسوں میں کرپشن کا ایسا جال بچھایا کہ عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہوگئے ہیں، مگر اب اس نظام کے خاتمے کا وقت آچکا ہے۔

5:18 صبح مارچ 8, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top