غزہ میں اسرائیلی بمباری سے 22 فلسطینی شہید، 80 سے زائد زخمی
شیعیت نیوز: غزہ کی وزارتِ صحت نے بتایا کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری سے 22 افراد شہید اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ گنجان آباد علاقے ریمل میں پہلے حملے میں ایک کار کو نشانہ بنایا گیا، جس میں آگ بھڑک اُٹھی اور فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکا کہ کار میں سوار 5 افراد شہید ہوئے یا راہ گیر بھی شامل تھے، تاہم دیگر افراد نے آگ بجھانے اور متاثرین کو بچانے کی کوششیں شروع کردیں۔
یہ بھی پڑھیں : واشنگٹن کا غیر سنجیدہ رویّہ بامعنی مذاکرات کی راہ میں رکاوٹ ہے، ایرانی وزارت خارجہ
محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ غاصب اسرائیلی فضائیہ نے کار پر حملے کے تھوڑی دیر بعد وسطی غزہ کے دیرالبلا اور نصیرت کیمپ میں دو گھروں پر الگ الگ فضائی حملے کیے جہاں 10 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں مغربی غزہ سٹی میں ایک گھر پر اسرائیلی فورسز نے بمباری کی، جس کے نتیجے میں مزید 5 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے، جبکہ ہفتے کے روز اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 22 تک پہنچ گئی۔
حماس نے واضح کیا کہ وہ جنگ بندی معاہدے پر مکمل طور پر کاربند ہے۔
حماس نے بیان میں کہا کہ اسرائیل کی جارحانہ کارروائیاں معاہدے کی خلاف ورزی ہیں، ثالثوں اور امریکا پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس حوالے سے بات کریں اور جنگ بندی برقرار رکھیں۔







