ایامِ فاطمہؑ کا احیاء دین کی سب سے بڑی خدمت ہے، آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی

17 نومبر, 2025 17:09

شیعیت نیوز: قم کے ممتاز مرجعِ تقلید آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی نے اپنے خطاب میں زور دے کر کہا ہے کہ موجودہ دور میں دین کی سب سے اہم اور بڑی خدمت ایامِ فاطمہ سلام اللہ علیہا کا احیاء ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی حیاتِ طیبہ کا امتیاز یہ ہے کہ ان کی پوری سیرت میں تولّیٰ اور تبرّیٰ کے دونوں اصول اپنی اعلیٰ ترین شکل میں جمع ہیں، اور انہی اصولوں کی معرفت ایامِ فاطمہؑ کے احیاء کا حقیقی مقصد ہے۔

آیت اللہ وحید خراسانی نے مزید کہا کہ شہادتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا مسئلہ صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ اس کی اعتقادی حیثیت ہے، اور اس حقیقت کو زندہ رکھنا امتِ مسلمہ کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے صدیقۂ طاہرہ سلام اللہ علیہا کی شب میں تدفین سے متعلق روایت نقل کرتے ہوئے بتایا کہ اصبغ بن نباتہ کے مطابق جب امیرالمؤمنین علیہ السلام سے پوچھا گیا کہ حضرت فاطمہؑ کو رات کے وقت کیوں دفن کیا گیا تو امامؑ نے فرمایا:

“فاطمہ سلام اللہ علیہا ایک گروہ سے ناراض تھیں اور نہیں چاہتی تھیں کہ وہ ان کی نمازِ جنازہ یا تشییع میں شریک ہوں۔ اور جو شخص اُن لوگوں کی ولایت رکھتا ہو، اس کے لیے فاطمہ کے کسی بھی فرزند کی نمازِ جنازہ پڑھنا حرام ہے۔”
(الامالی، شیخ صدوق، ص ۷۵۵)

آیت اللہ وحید خراسانی نے سوال اٹھایا:
“آخر وہ کون سا ظلم تھا جس پر فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا غضبناک ہوئیں؟ کیا وجہ تھی کہ انہوں نے وصیت کی کہ بعض لوگ ان کی تشییع میں شامل نہ ہوں؟”
انہوں نے کہا کہ ان سوالات پر غور کرنا ہی ایامِ فاطمہؑ کے احیاء کا حقیقی جوہر ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مدینہ منورہ حادثہ، 40 سے زائد حیدرآبادی زائرین کی شہادت پر مولانا سید تقی رضا عابدی کا گہرے دکھ کا اظہار

مرجع عالی قدر نے کہا کہ ایامِ فاطمہؑ کا احیاء محض مجالس و عزاداری تک محدود نہیں، بلکہ یہ اس حقیقت کو دنیا تک پہنچانے کا نام ہے جو حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نے اپنے احتجاج، اپنے عمل اور اپنی وصیت کے ذریعے امت کے سامنے پیش کی۔

10:45 صبح مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top