پاکستان نے افغانستان کے ساتھ سرحدیں غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیں

17 نومبر, 2025 09:51

شیعیت نیوز : ایکسپریس نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ سرحدیں غیر معینہ مدت کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق دوطرفہ کشیدگی میں اضافے کی وجہ طالبان حکام کی افغان تاجروں کو وارننگ ہے کہ وہ پاکستان پر انحصار ختم کرکے دیگر ملکوں کے ساتھ تجارت کریں۔

حکام نے ایکسپریس ٹربیون کو بتایا کہ حکومت نے اس فیصلے سے کابل کو واضح پیغام دیا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی و دیگر دہشتگرد تنظیموں کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات تک تجارت و دیگر سرگرمیوں کے لیے سرحدیں نہیں کھلیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سرحدی بندش معمول کا انتظامی اقدام نہیں بلکہ پالیسی میں سٹریٹجک تبدیلی ہے۔ افغان طالبان قیادت کو مطلع کر دیا گیا کہ کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر گروپوں کے خلاف ٹھوس کارروائی تک مزید مذاکرات نہیں ہو سکتے۔

یہ بھی پڑھیں : غزہ پر بین الاقوامی فورس کی آڑ میں نیا منصوبہ؟ فلسطینی گروہوں کا سخت انتباہ

ایک سرکاری افسر نے کہا کہ پاکستان اپنے موقف سے ہٹنے کے موڈ میں نہیں، ’’سکیورٹی پہلے، تجارت بعد میں‘‘ اب اسلام آباد کا نیا موقف ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاک افغان سرحدوں کی بندش کو ایک ماہ سے زائد ہو چکا ہے جس کے باعث دونوں اطراف ہزاروں ٹرک اور کنٹینرز پھنسے ہوئے ہیں۔ اس وقت سرحدی گزرگاہیں صرف انسانی بنیادوں پر کھلی ہیں جو کہ افغان مہاجرین اور سرحدوں پر پھنسے افراد کی واپسی تک محدود ہیں۔

ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ہمارے لیے تجارت اور معیشت سے زیادہ اہم اپنے لوگوں کی زندگی ہے جس پر سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔

11:16 شام اپریل 14, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔