اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس حملہ: سہولت کاروں کا نیٹ ورک بے نقاب، متعدد گرفتار
شیعیت نیوز: اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس کے باہر خودکش حملے کے سہولت کاروں کا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا ہے، جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے متعدد ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی راولپنڈی نے سہولت کاروں اور ہینڈلرز کو راولپنڈی اور پشاور میں چھاپے مار کر گرفتار کیا؛ مجموعی طور پر تقریباً 6 تا 7 ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے۔
چھاپے پیرودھائی، ڈھوک کشمیریاں اور خیبرپختونخوا میں متعلقہ اداروں کو آن بورڈ رکھ کر مارے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: عراق کے پارلیمانی انتخابات کے ابتدائی نتائج جاری: شیعہ جماعتوں اور اتحادوں کی واضح برتری
پولیس ذرائع کے مطابق پانچ افراد کو راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں سے حراست میں لیا گیا؛ کس سہولت کار نے حملہ آور کو کیا مدد فراہم کی، اس کا تعین تفتیش کے دوران کیا جا رہا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ حملہ آور گولڑہ پہنچنے سے قبل 26 نمبر چونگی سے ایک آن لائن بائیکیا سروس کے ذریعے آیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے گولڑہ سے کچہری تک ماسک پہن کر آمد کی، اور زیرِ حراست افراد سے الگ الگ مقامات پر تفتیش کا عمل جاری ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کچہری کے باہر اس خودکش حملے میں 12 افراد شہید اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔







