جے ایس او محض تنظیم نہیں، بلکہ ایک تحریک ہے، علامہ سید ساجد علی نقوی

13 نومبر, 2025 07:58

شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (جے ایس او) پاکستان کے سکھر، سندھ میں منعقدہ سالانہ کنونشن سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے مجلسِ نظارت، مرکزی کابینہ اور تمام شرکاء کو خراجِ تحسین پیش کیا اور تنظیمی سرگرمیوں کو سراہا۔

علامہ ساجد نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ جے ایس او ایک بامقصد اور نظریاتی طلبہ تنظیم ہے، جس کے دستور میں واضح اہداف و مقاصد درج ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ:

"جے ایس او کو محض ایک تنظیم نہیں بلکہ ایک تحریک اور مشن کے طور پر کام کرنا چاہیے، تاکہ طلبہ برادری میں فکری، اخلاقی اور تعلیمی بیداری پیدا ہو۔”

انہوں نے کہا کہ کارکنان کو اپنے مشن کو وسعت دیتے ہوئے طلبہ کے مسائل کے حل اور فکری رہنمائی میں مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔
ان کے مطابق موجودہ دور کے بدلتے تقاضوں کو سمجھ کر تنظیمی ڈھانچے اور حکمت عملی میں ارتقاء لانا ضروری ہے، تاکہ جے ایس او ایک معتبر اور امتیازی طلبہ تنظیم کے طور پر سامنے آئے جو نوجوانوں کی اصلاح و فلاح کے لیے عملی طور پر سرگرم ہو۔

یہ بھی پڑھیں : قوم متحد ہے، دہشت گرد عزائم میں کامیاب نہیں ہو پائیں گے: علامہ شبیر حسن میثمی

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ:

"ماضی میں جے ایس او کی کارکردگی اطمینان بخش رہی ہے، تاہم اب وقت آگیا ہے کہ اس معیار کو مزید بلند کیا جائے۔ آئندہ کنونشن میں تنظیمی جدوجہد کو ایک نئے مرحلے میں داخل ہونا چاہیے، تاکہ جے ایس او کو وہ نمایاں مقام حاصل ہو جسے طلبہ برادری فخر سے تسلیم کرے۔”

آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام کارکنان کو خلوصِ نیت، نظم و ضبط اور جذبۂ خدمت کے ساتھ اس مشن کو جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔

8:08 صبح اپریل 17, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔