استنبول مذاکرات ناکام افغان وفد تحریری معاہدے پر تیار نہ ہوا، اب کوئی اگلا مرحلہ نہیں، خواجہ آصف

09 نومبر, 2025 11:20

شیعیت نیوز : پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان استنبول میں جاری مذاکرات ختم ہو چکے ہیں اور اس وقت پاکستانی وفد وطن واپس روانہ ہو چکا ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اب مذاکرات کے اگلے مرحلے کا بھی کوئی امکان نہیں رہا کیونکہ اس عمل میں شریک ثالث ممالک نے بھی طالبان کے غیر لچکدار رویے کے باعث اپنے ہاتھ کھینچ لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا وفد خالی ہاتھ واپس آیا ہے، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ثالثوں کو بھی اب افغان قیادت سے کوئی امید باقی نہیں رہی۔

یہ بھی پڑھیں : لبنان میں دو مسلسل اسرائیلی ڈرون حملے: متعدد افراد زخمی، کشیدگی میں اضافہ

وزیرِ دفاع نے ترکیہ اور قطر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے خلوص نیت سے ثالثی کا کردار ادا کیا اور پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی، تاہم افغان وفد مذاکرات کے دوران محض زبانی یقین دہانیوں پر اصرار کرتا رہا جبکہ پاکستان نے تحریری معاہدے پر زور دیا، جسے طالبان نے ماننے سے انکار کر دیا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ثالثوں نے اگر ذرا بھی امید ظاہر کی ہوتی تو ہم مذاکرات جاری رکھتے، لیکن اب نہ صرف بات چیت ختم ہو چکی ہے بلکہ ثالث بھی مایوس ہو کر پیچھے ہٹ گئے ہیں۔

وزیرِ دفاع نے واضح کیا کہ اگر افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف کسی قسم کی کارروائی ہوئی تو اس کا مؤثر اور سخت جواب دیا جائے گا، تاہم جب تک افغانستان کی جانب سے سیز فائر برقرار ہے، پاکستان بھی امن کی پالیسی پر قائم رہے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز استنبول میں پاک افغان مذاکرات کا تیسرا مرحلہ شروع ہوا تھا جو کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ڈیڈ لاک کا شکار ہو کر ختم ہو گیا۔

10:31 شام مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top