خیرپور میں ایم ڈبلیو ایم سندھ کے ضلعی صدور کا اہم اجلاس: تنظیمی فعالیت پر اہم فیصلے
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے ضلعی صدور کا ایک اہم اجلاس صوبائی ارگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیر صدارت خیرپور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلعی صدور کے علاوہ صوبائی ارگنائزنگ کمیٹی کے اراکین نے بھی خصوصی شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی ارگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین سندھ کی وحدت پر یقین رکھتی ہے۔ صوبے میں مضبوط ضلعی سیٹ اپ کے ساتھ ساتھ تحصیل کی سطح تک تنظیم کو مزید فعال و مؤثر بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تمام اضلاع کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں موجود یونٹس میں نو نکاتی یونٹ پروگرام کے اجرا اور اس پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ اور تمام تحصیلوں میں تحصیل کابینہ کو مکمل کریں۔
یہ بھی پڑھیں : الفاشر پر حملے میں ممنوعہ اعصابی گیسوں کا استعمال
اس موقع پر ضلعی صدور نے اپنے اپنے اضلاع کی کارکردگی رپورٹس پیش کیں اور تنظیمی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن مولانا غلام شبیر کانہیو نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ملت جعفریہ کی امید اور آواز ہے۔ سندھ عاشقانِ اہل بیتؑ کی دھرتی ہے، اور یہاں ہر محبِّ اہل بیت تک ایم ڈبلیو ایم کا پیغام پہنچانا ہماری دینی و تنظیمی ذمہ داری ہے۔ ہم سب نے مل کر اتحادِ امت اور بیداریِ ملت کے مشن کو آگے بڑھانا ہے۔
اجلاس کے اختتام پر تنظیمی فعالیت میں مزید بہتری کے لیے اہم فیصلے بھی کیے گئے۔







