گلگت میں امیر اہلسنّت پر دہشتگردانہ حملہ عالمی سازشوں کا شاخسانہ ہے، آغا علی رضوی
شیعیت نیوز : صدرِ مجلسِ وحدت مسلمین گلگت بلتستان آغا علی رضوی نے اپنے میڈیا سیل سے جاری بیان میں امیر اہلسنّت و الجماعت گلگت پر دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک واقعہ گلگت بلتستان کی وحدت اور امن کو سبوتاژ کرنے کی عالمی استعماری طاقتوں بالخصوص امریکہ کی سازشوں کا شاخسانہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے وسائل کو لوٹنے، عوام کو حقوق سے محروم رکھنے اور مشترکہ بیانیے سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسے اوچھے ہتھکنڈے ماضی میں بھی استعمال ہوتے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کا خلائی میدان میں بڑا قدم: پہلا ہائبرڈ سیٹلائٹ “ڈوئل ویو-1” لانچ کے لیے تیار
آغا علی رضوی نے کہا کہ دیامر ڈیم ایشو پر جاری دھرنے میں شیعہ علماء کی شرکت اور سوست دھرنے میں تمام مکاتبِ فکر بالخصوص دیامر کے علماء کرام کی شرکت سے جو امن و اتحاد کی فضا قائم ہوئی تھی وہ علاقہ دشمن اور ملک دشمن طاقتوں کے لئے کھٹک رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ چاہے عالمی مسائل بالخصوص فلسطین کی حمایت ہو یا غاصب ریاست کو تسلیم کرنے کی سازشوں کی مخالفت، گلگت بلتستان کے معدنیات امریکہ کو دینے کی منصوبہ بندی ہو یا علاقائی حقوق کے لیے جدوجہد — تمام مکاتبِ فکر کے علماء متحد ہیں اور قرآنی احکامات پر عمل کرتے ہوئے اتحاد و وحدت کو فروغ دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام علمائے کرام مل کر ان گھناؤنی سازشوں کا مقابلہ کریں گے اور وحدت کی فضا کو قائم رکھیں گے۔
آخر میں آغا سید علی رضوی نے مطالبہ کیا کہ سکیورٹی ادارے فوری طور پر اس افسوسناک واقعے کے ذمہ داران کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دیں۔







