پاکستان سعودیہ دفاعی معاہدے میں دیگر عرب ممالک کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے، خواجہ آصف
شیعیت نیوز : پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ خواجہ آصف نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے دفاعی معاہدے میں کوئی خفیہ چیز نہیں ہے اور یہ معاہدہ باہمی اعتماد اور مشترکہ سلامتی کا عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاہدے کے فریم ورک میں مشترکہ سیکیورٹی کی ضمانت دی گئی ہے کہ جب کسی ایک ملک کے خلاف جارحیت ہوگی تو دوسرے ملک کے خلاف بھی جارحیت تصور کی جائے گی، آج کی کشیدہ عالمی صورت حال کے پیش نظر اس طرح کے معاہدے ضروری ہیں۔
وزیردفاع نے کہا کہ اس دفاعی معاہدے میں کوئی ذیلی یا خفیہ شرائط شامل نہیں ہیں بلکہ یہ علاقائی استحکام کی ضمانت کے لیے ایک شفاف اور اسٹریٹجک شراکت داری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لیے نیا عالمی بیڑا روانہ، صمود بیڑے کی کشتیوں میں مسلسل اضافہ
خواجہ آصف نے کہا کہ اس معاہدے میں کسی کو کوئی استثنیٰ حاصل نہیں ہے اور معاہدے میں تربیتی مشقیں اور ٹیکنیکل تعاون شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ کی ریاستیں اپنے دفاع کے لیے صرف بیرونی طاقتوں پر انحصار نہیں کرسکتیں اور یہ ممالک اپنی سلامتی کے لیے دوسرے ممالک پر انحصار نہیں کرسکتے جو میلوں دور ہیں بلکہ وہ ایک خود مختار ملک بنیں گے جس کے پاس اپنے دفاع کی صلاحیت اور قابلیت ہوگی۔







