وفاقی اردو یونیورسٹی میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس، علامہ حسن ظفر نقوی کا خطاب
شیعیت نیوز : وفاقی اردو یونیورسٹی کے زیر اہتمام "سیرت النبی ﷺ کانفرنس” منعقد کی گئی، جس میں نامور علمائے کرام اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ اس کانفرنس کا مقصد نبی کریم ﷺ کی حیاتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنا اور موجودہ دور کے مسائل کے حل کے لیے سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں رہنمائی حاصل کرنا تھا۔
ممتاز عالم دین و خطیب ولایت علامہ حسن ظفر نقوی نے سیرت النبی ﷺ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رسول اکرم ﷺ کی سیرت تمام انسانیت کے لیے سرچشمۂ ہدایت ہے۔ نبی کریم ﷺ نے دشمنوں کو بھی محبت، عفو و درگزر اور اعلیٰ اخلاق سے جیتا۔ آج ہمیں اپنی زندگیاں آپ ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی سخت ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : میلاد النبیؐ کا جشن تعلیماتِ رسول کے ساتھ منایا جائے، علامہ سید ساجد علی نقوی
کانفرنس کے آخر میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ طلبہ و طالبات اور معاشرے کے تمام طبقات کو سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات سے روشناس کرانے کے لیے ایسے علمی و فکری پروگراموں کا انعقاد مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔
اس سیرت النبی ﷺ کانفرنس کی میزبانی کے فرائض ڈاکٹر عطیہ حسن نے انجام دیے، جبکہ پروفیسر مرشد رضا، فہیم ناز اور محمد ذیشان نے پروگرام آرگنائزر کے فرائض انجام دیے۔







