میلاد النبیؐ کا جشن تعلیماتِ رسول کے ساتھ منایا جائے، علامہ سید ساجد علی نقوی
شیعیت نیوز : سربراہ قائد شیعہ علما کونسل علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ اعلیٰ و ارفع اوصاف و کمالات کی حامل ہستی، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرتِ طیبہ اُمت محمدی بلکہ پوری انسانیت کے لیے نمونہ عمل ہے۔ میلاد خاتم الانبیا کا جشن بھرپور طریقے سے منانے کے ساتھ ساتھ ان کی تعلیمات کو مدنظر رکھا جائے اور ہر شعبۂ زندگی میں پیدا ہونے والے بگاڑ کو پیغمبر اکرمؐ کی روشنی میں درست کیا جائے۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ حیاتِ طیبہ اور سیرت و کردار ہم سے یہ تقاضا کرتے ہیں کہ پیغمبر اکرمؐ کی تعلیمات کی روشنی میں اتحاد و وحدت کو فروغ دیا جائے، سسٹم میں موجود خامیوں کو درست کیا جائے اور نظام کو فلاحی مملکت کے طور پر استوار کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : بیروت: حزب اللہ اور تحریک امل کے حامیوں کے حکومت مخالف مظاہرے
انہوں نے مزید کہا کہ جب ہمارا پختہ یقین ہے کہ ہم سب کا ایک خدا، ایک رسولؐ، ایک قرآن اور ایک کعبہ پر ایمان ہے تو پھر فروعی اختلافات میں علمی سطح، مہذب انداز اور شائستگی کو اپنانا چاہیے۔ مراجع کرام اور آیاتِ عظام نے بھی واضح کیا ہے کہ مسالک کے مقدسات کی توہین ممنوع ہے۔
آخر میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ ملتِ مسلمہ وحدت کا عملی مظاہرہ کر کے یہ واضح کرے کہ وہ اُمت واحدہ ہے۔







