جنگ بندی بھارتی خواہش پر ہوئی،پاکستان نے کسی کو سیز فائر کروانے کا نہیں کہا، اسحٰق ڈار
نائب وزیراعظم کا لندن میں پریس کانفرنس سے خطاب، پاک-بھارت جنگ میں پاکستان کی کامیابی اور دہشتگردی کے خلاف قربانیوں پر روشنی

شیعیت نیوز : لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے کہا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے، کسی کو نہیں کہا کہ بھارت کے ساتھ جنگ بندی یا سیز فائر کروا دیں، ہم نے 10 مئی کی صبح 4 بجے سے 8 بجے تک جوابی کارروائی کی، صبح 8 بج کر 15 منٹ پر امریکی سیکریٹری مارکو روبیو نے کال کر کے بتایا کہ بھارت سیز فائر کا خواہشمند ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ میں نے مارکو روبیو کو جواب میں کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، ہم تو جنگ چاہتے ہی نہیں ہیں، ہمارا مقصد ملک کو معاشی ترقی کی راہ پر کھڑا کرنا ہے۔
اسحٰق ڈار نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو معطل نہیں کر سکتا، پانی کے ایک قطرے کو بھی روکنا یا اس کا رُخ موڑنا جنگی اقدام سمجھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایسا ماحول بنایا گیا تھا کہ بھارت کو پاکستان کے خلاف برتری حاصل ہے، لیکن اس جنگ نے ثابت کیا کہ انہیں کوئی برتری حاصل نہیں ہے، بھارت کے جھوٹ کو دنیا بھر میں ایکسپوز کیا۔
یہ بھی پڑھیں : سیلاب میں لاپتا متعدد افراد کی لاشیں مل گئیں، 25 ہزار شہریوں کو ریسکیو کیا گیا، عطا تارڑ
وزیراعظم شہباز شریف نے پاک-بھارت جنگ کے دوران لیڈ کیا اور تینوں فورسز کے چیفس نے مل کر کام کیا جس سے پاکستان کو فتح نصیب ہوئی۔
وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا بھی اس بات کو مان چکا ہے کہ اس بار اُن کا بیانیہ ناکام رہا، پاکستان کا بیانیہ حقائق پر مبنی تھا جسے دنیا بھر میں مانا گیا، جو کچھ ہم نے ہوا اور زمین پر کیا وہ دنیا نے دیکھا۔
برطانیہ کے مختصر دورے پر موجود نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ برطانیہ ہمارا تجارتی شراکت دار ہے، دورے کے دوران برطانوی حکام سے مختلف معاملات پر تفصیلی بات چیت کی، جس میں ایران اور افغانستان کے حوالے سے گفتگو اور موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خیبرپختونخوا میں سیلاب اور بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر نائب وزیراعظم نے کہا کہ حکومت متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے، مزید کہا کہ ہم پاکستان کی ترقی چاہتے ہیں، معیشت کو بہتر بنا رہے ہیں، مہنگائی کم اور معاشی اعشاریے بہتر ہوئے، پاکستان دوبارہ عالمی افق پر اُبھرے گا۔
اسحٰق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان دہشتگردی کا سب سے زیادہ شکار ملک ہے، کوئی ہمیں یہ نہ بتائے کہ دہشتگردی پر آپ سے بات کرنی ہے، ہمارے 90 ہزار سے زائد افراد شہید، 152 بلین ڈالر سے زیادہ کا نقصان اُٹھایا، پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف فرنٹ فٹ پر دنیا کی جنگ لڑی اور اس کے نقصان برداشت کیے۔