اہم ترین خبریںایراندنیا

ایران نے افغانستان سے ملحقہ سرحدوں پر دیوار کی تعمیر تیز کردی

وزیر داخلہ اسکندر مومنی کا کہنا ہے کہ دیوار کی تکمیل سے اسمگلنگ اور غیر قانونی آمد و رفت میں 80 فیصد تک کمی آئی ہے

شیعیت نیوز : ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ اور حکومت افغانستان سے ملحقہ مشرقی سرحدوں کو بند کرنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کے لیے پرعزم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، ایرانی وزیر داخلہ نے افغانستان کے ساتھ متصل سرحد کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی جانب سے خراسان رضوی اور جنوبی خراسان میں سرحدی دیوار کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک اس منصوبے کے 130 کلومیٹر مکمل ہوچکے ہیں جبکہ دیگر حصے تیار کرکے سائٹ پر منتقل کیے جاچکے ہیں، جنہیں بنیادی ڈھانچہ مکمل ہونے کے بعد نصب کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : سنیپ بیک میکانزم فعال ہونے کی صورت میں ایران کے پاس متعدد جوابی آپشنز موجود ہیں، رکن ایرانی پارلیمنٹ

انہوں نے مزید کہا کہ سرحدوں کو مکمل طور پر بند کرنا نہایت ضروری ہے۔ یہ اقدام سرحدی سیکورٹی کو بہتر بنانے، مجرموں کی نقل و حرکت روکنے، منشیات کی اسمگلنگ اور لوگوں کی غیر قانونی آمد و رفت کو روکنے میں نہایت مثبت کردار ادا کرے گا۔

مومنی نے کہا کہ جن علاقوں میں دیوار مکمل ہوچکی ہے وہاں غیر قانونی نقل و حرکت کو کنٹرول کرنے میں 70 سے 80 فیصد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ امید ہے کہ منصوبے کے تحت جتنی بھی سرحدیں طے کی گئی ہیں وہ تمام مکمل ہوجائیں گی۔

ایران کی مشرقی سرحدیں سیکورٹی کے حوالے سے حساس ترین شمار ہوتی ہیں۔ ان سرحدوں کو منشیات کی اسمگلنگ، غیر قانونی ہجرت اور دہشت گردی جیسے چیلنجز کا سامنا رہتا ہے۔ ایران ان مسائل کے تدارک کے لیے سرحدی دیوار کی تعمیر، جدید نگرانی کے نظام اور ٹیکنالوجی کے استعمال جیسے اقدامات کررہا ہے تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کو روکا جاسکے اور قومی سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button