اہم ترین خبریںایران

ایران کے خلاف اسنیپ بیک میکانزم استعمال کرنے کی مخالفت کرتے ہیں، چینی وزارت خارجہ

چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پابندیوں کی بحالی سے نہ اختلافات ختم ہوں گے اور نہ ہی مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا ہوگا

شیعیت نیوز : چین نے یورپی ٹرائیکا کی جانب سے ایران کے خلاف اقوام متحدہ کے اسنیپ بیک میکانزم کو فعال کرنے کی دھمکی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچے گا اور فریقین کے درمیان اعتماد مزید کمزور ہوگا۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لِن نے کہا کہ چین ایران کے جوہری مسئلے کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے پُرامن طور پر حل کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور سلامتی کونسل کے اسنیپ بیک میکانزم کو فعال کرنے کی مخالفت کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : جوہری حقوق سے محروم کیا گیا تو این پی ٹی سے نکلنے پر غور کریں گے، ایرانی رکن پارلیمنٹ

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یورپی ممالک نے دھمکی دی ہے کہ اگر ایران اگست کے آخر تک مذاکرات میں شامل نہ ہوا تو وہ 2015 کے جوہری معاہدے کے تحت پابندیاں دوبارہ عائد کر سکتے ہیں۔

چینی ترجمان نے واضح کیا کہ پابندیوں کی بحالی نہ تو فریقین کے درمیان اختلافات کو کم کرے گی اور نہ ہی مذاکرات کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو ایسے اقدامات کرنے چاہئیں جو نئے معاہدوں کے حصول کی راہ ہموار کریں، نہ کہ موجودہ سفارتی کوششوں کو سبوتاژ کریں۔

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران چین اور روس کے ساتھ مل کر اس اقدام کو روکنے کے لیے فعال سفارتی کوششیں کر رہا ہے۔ اگر یہ کوششیں ناکام ہوئیں اور یورپ نے پابندیاں دوبارہ عائد کرنے کی کوشش کی تو ایران کے پاس اس کا جواب دینے کے لیے مناسب ذرائع موجود ہیں، جن پر بروقت غور کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اسنیپ بیک میکانزم 2015 کے تاریخی جوہری معاہدے کا حصہ تھا، جس کے تحت اگر ایران معاہدے کی خلاف ورزی کرے تو اقوام متحدہ کی پابندیاں خودبخود بحال ہو سکتی ہیں۔ تاہم ایران اور اس کے اتحادی، چین اور روس کا مؤقف ہے کہ امریکہ کی یکطرفہ علیحدگی کے بعد یورپی ممالک کی حیثیت باقی نہیں رہی، اس لیے انہیں یہ میکانزم فعال کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button