مظفرگڑھ کے علاقے شہر سلطان کے مومنین علی پور اربعینِ حسینی میں شرکت کے لیے جاتے ہوئے گرفتار
شیعیت نیوز : ضلع مظفرگڑھ کے علاقے شہر سلطان سے علی پور کی طرف راستے چوک پرمٹ پر اربعین حسینی کے موقع پر عزاداروں کو بڑے اجتماع میں شرکت سے روکنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
علی پور میں ہر سال اربعین کے دن شبیہ ضریح حضرت عباسؑ کا عظیم اجتماع ہوتا ہے، جس میں شرکت کے لیے اس سال بھی شہر سلطان حمزے والی اور گرد و نواح کے مومنین قافلوں کی صورت میں علی پور کی طرف رواں دواں تھے۔
ماضی میں اکثر عزادار پیدل سفر (مشی) کے ذریعے اس اجتماع میں شامل ہوتے تھے، لیکن اس بار حکومت نے مشی پر پابندی لگاتے ہوئے صرف سواریوں کے ذریعے آنے کی اجازت دی تھی۔ مذہبی رہنماؤں نے اس فیصلے سے اتفاق بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں : چکوال مشی سے لاتعلقی اور مومنین کو روکنے پر تلہ گنگ شیعہ علماء کونسل کے صدر کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان
تاہم اربعین کے دن قافلے جب علی پور کی طرف بڑھ رہے تھے تو شہر سلطان اور گرد و نواح سے آنے والے مومنین کو پرمٹ چوک (تھانہ جتوئی کی حدود) پر پولیس نے گاڑیاں روک کر چن چن کر نیچے اتارا۔
عینی شاہدین کے مطابق خواتین، بچوں اور بزرگوں کے ساتھ شدید سخت رویہ اپنایا گیا، جبکہ نوجوانوں کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کیا گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی عزاداروں کو واپس بھیجنے اور انہیں اجتماع میں شرکت سے روکنے کے لیے کی گئی۔
عوامی اور مذہبی حلقوں نے اس واقعے کو مذہبی آزادی کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے حکومتِ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔







