اربعین ہر دور اور ہر قوم کے لیے حریت و عدل کا پیغام ہے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

15 اگست, 2025 13:40

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اربعینِ امام حسینؑ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج پاکستان بھر میں اربعینِ امام حسینؑ کے جلوسِ عزاء برآمد ہو رہے ہیں۔ اربعین صرف ایک مذہبی رسم نہیں بلکہ ظلم کے خلاف بغاوت اور مظلوم کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان ہے۔ یہ دن یاد دلاتا ہے کہ کربلا میں دی گئی قربانی وقت اور جگہ کی قید سے آزاد، ہر دور اور ہر قوم کے لیے حریت و عدل کا پیغام ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ امام حسینؑ نے یزیدیت کے مقابل حق کا عَلَم بلند کر کے یہ پیغام دیا کہ جہاں ظلم ہو وہاں خاموش رہنا جرم ہے۔ آج جب غزہ کے معصوم بچے بھوک اور پیاس سے تڑپ رہے ہیں اور ظالم طاقتیں ان کے خون سے ہاتھ رنگ رہی ہیں، مکتبِ حسینیتؑ ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ ہم اپنی زبان، قدم اور وسائل سے مظلوم کی حمایت کریں اور ظالم کے خلاف آواز بلند کریں۔

یہ بھی پڑھیں : چکوال مشی سے لاتعلقی اور مومنین کو روکنے پر تلہ گنگ شیعہ علماء کونسل کے صدر کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان

انہوں نے حکومت اور تمام ریاستی اداروں کو متنبہ کیا کہ جلوسِ اربعین میں پیدل شریک ہونے والے عزاداران کو ہراساں نہ کیا جائے، کیونکہ یہ ان کا آئینی، قانونی اور مذہبی حق ہے، جس پر کسی بھی قسم کی قدغن ناقابلِ برداشت ہے۔ عزاداری کو روکنے یا محدود کرنے کی ہر کوشش کروڑوں عاشقانِ حسینؑ کے جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔

سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ اربعین کا پیغام واضح اور دوٹوک ہے کہ ہم کسی بھی دور کے یزید کو تسلیم نہیں کریں گے، چاہے وہ ماضی کا ہو یا آج کا اسرائیل اور امریکہ۔ ہم ہر مظلوم کا ساتھ دیں گے، چاہے وہ اسیرانِ کربلا ہوں یا غزہ میں بھوک اور پیاس سے دم توڑتے معصوم بچے۔ ہم نے کل بھی حق کا پرچم بلند رکھا، آج بھی اسی پرچم تلے ڈٹے ہیں، اور قیامت تک حسینؑ کے وفادار رہیں گے۔ ہماری سانسیں مظلوم کی ڈھال اور ہمارا خون ظالم کے خلاف ہتھیار ہے۔

11:53 شام اپریل 14, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔