زائرین پر بائی روڈ پابندی بدنیتی پر مبنی اور ناقابل قبول ہے، علامہ مقصود ڈومکی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے اقدام پر شدید ردعمل، ملت جعفریہ بھرپور احتجاج کا حق رکھتی ہے

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت علامہ مقصود علی ڈومکی نے مجلس وحدت مسلمین حیدرآباد کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ضلعی صدر سید وقار حیدر اور مختلف تنظیمی ذمہ داران سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملکی موجودہ حالات اور زائرین کے مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ چہلمِ شہدائے کربلا کے موقع پر ہر سال پاکستان سے لاکھوں عاشقانِ اہل بیتؑ کربلا کا بائی روڈ سفر کرتے ہیں، جو امام حسین علیہ السلام سے ان کی والہانہ عقیدت اور عشق کی علامت ہے۔ مگر افسوس کی بات ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے زائرین کے بائی روڈ سفر پر پابندی کا بیان دیا گیا، جو قابلِ مذمت اور ناقابلِ قبول ہے۔
انہوں نے کہا کہ زائرین کے لیے محفوظ راستے اور مناسب سیکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی آئینی و اخلاقی ذمہ داری ہے، جبکہ یہاں حکومت خود ہی ان کے راستے میں رکاوٹیں پیدا کر رہی ہے۔ زائرین کے لیے زمینی راستوں کی بندش کا فیصلہ بدنیتی پر مبنی اور قابلِ مذمت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایم ڈبلیو ایم گلگت کی رہنما سائرہ ابراہیم کا بائی روڈ زیارات پر پابندی کو ملت جعفریہ کی توہین قرار
علامہ مقصود ڈومکی نے مزید کہا کہ تعجب ہے کہ سکھ یاتریوں کے لیے حکومت خصوصی انتظامات کرتی ہے، وزراء ان کے استقبال کے لیے موجود ہوتے ہیں، مگر نواسۂ رسول ﷺ حضرت امام حسین علیہ السّلام اور اہل بیت پیغمبر علیہم السلام کے روضوں کی زیارت کے لیے جانے والے زائرین کو مسلسل روکا جا رہا ہے، انہیں تنگ کیا جاتا ہے اور ان پر سفری پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے حکومتِ پاکستان کو متنبہ کیا کہ وہ زائرین کے مسائل کے حل کی جانب فوری اور سنجیدہ توجہ دے۔ اگر اس مقدس سفر پر رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، تو ملتِ جعفریہ بھرپور احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے جس جرات، استقامت اور بصیرت کے ساتھ پاکستان کے مظلوم عوام، خصوصاً ملتِ جعفریہ کے حقوق کی ترجمانی کی ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔ قوم ان کی قیادت پر فخر کرتی ہے۔
در ایں اثناء، علامہ مقصود علی ڈومکی نے رانی پور میں وادی زہراء پہنچ کر شبیہہ زیارتِ کربلا کی زیارت کی۔ اس موقع پر انہوں نے غلام حسین ملاح کی عشق و عقیدت سے لبریز دینی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ رانی پور میں وادی زہراء کا قیام سرزمینِ سندھ کے عاشقانِ اہل بیت کے لیے ایک خوبصورت تحفہ ہے۔