زائرین کے ایران عراق بائی روڈ سفر پر پابندی کافیصلہ واپس لیا جائے،آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی
شیعیت نیوز : وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے حکومت کی طرف سے زائرین کے ایران، عراق بائی روڈ سفر پر پابندی کی مذمت کرتے ہوئے فی الفور فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زائرین پورا سال تیاری کرتے ہیں کہ روضہ امام حسین علیہ السلام پر حاضری دینے کے لیے اربعین پر جائیں گے۔ چہلم کے موقع پر زیارت کی بہت تاکید کی گئی ہے، لہٰذا حکومت ہوش کے ناخن لے، ملک میں پہلے ہی بہت سے ایشوز چل رہے ہیں، نیا مسئلہ کھڑا کرنے سے گریز کرے کہ لوگ احتجاج کا راستہ اختیار کریں۔
ان کا کہنا تھا لاکھوں کی تعداد میں عوام پاکستان سے ہر سال اربعین پر جانے کے لیے جاتے ہیں کہ نجف سے کربلا تک مشی میں حصہ لیں گے۔ بائی روڈ سفر پر پابندی عائد کرنا افسوس ناک ہونے کے ساتھ حکومت کی طرف سے ناکامی کا اعتراف بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : زائرین کو روکنا آئینی و مذہبی حق کی خلاف ورزی ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے: سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس
ہم سمجھتے ہیں کہ راستوں کو ہموار کرنا، اور شہریوں کو سیکیورٹی دینا ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ہمارے سیکیورٹی ادارے اس قابل ہیں کہ وہ زائرین کو تحفظ فراہم کر سکتے ہیں۔
حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ زیارات کے قافلے تیار ہیں، عازمین زیارت کے ویزے لگ چکے ہیں، ان کی تیاریاں مکمل ہیں۔ لوگوں کے پاس اتنے وسائل نہیں ہوتے کہ وہ بائی ایئر ہوائی جہاز کے ٹکٹ خریدیں۔
زیارات منتظمین نے اپنی گاڑیوں کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، اجازت نامے لیے جا چکے ہیں، کرایہ جات اور اخراجات بھی ادا کر دیے گئے ہیں، لہٰذا فی الفور حکومت اپنا یہ فیصلہ واپس لے کر بائی روڈ سفر کی اجازت دے، جیسے کہ پہلے سے ہوتا چلا آ رہا ہے۔







