زائرین کو روکنا آئینی و مذہبی حق کی خلاف ورزی ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے: سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس

27 جولائی, 2025 20:08

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ و سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے زائرین پر زمینی راستے سے ایران و عراق جانے پر پابندی کو آئینی و مذہبی حق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے حکومت سے ہوش کے ناخن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ زائرین کو زیارت سے روکنا ان کے دینی جذبات اور مذہبی آزادی پر براہ راست حملہ ہے۔ زیارت ہمارے لیے محض سفر نہیں بلکہ عبادت ہے۔ اگر زمینی راستہ بند ہے تو حکومت کی ذمہ داری ہے کہ متبادل راستہ اور ضروری سہولیات فراہم کرے، نہ کہ لوگوں کو عبادت سے محروم کرے۔

علامہ ناصر عباس نے کہا کہ یہ فیصلہ نہ صرف عوام کے مذہبی جذبات کو مجروح کر رہا ہے بلکہ ہزاروں زائرین کے اربوں روپے کے مالی نقصانات کا بھی باعث بن رہا ہے۔ سفری تیاریوں، ہوٹل بُکنگ، ویزہ فیسوں اور دیگر انتظامات پر اٹھنے والے اخراجات ضائع ہو رہے ہیں، جس کی مکمل ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : زائرین کی بائی روڈ سفر پہ پابندی قبول نہیں، علمدار روڈ کوئٹہ پر احتجاجی دھرنا

ان کا کہنا تھا کہ ایسے غیر دانشمندانہ اقدامات پاکستان کو عالمی سطح پر ایک غیر محفوظ اور متنازع ریاست کے طور پر پیش کرتے ہیں، جس سے دشمن قوتیں خصوصاً بھارت اور اسرائیل اپنے بیانیے کو تقویت دیتی ہیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زائرین کے لیے فوری طور پر زمینی راستے کھولے جائیں، سیکیورٹی کے موثر انتظامات کیے جائیں اور ان کے مذہبی و مالی تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

11:52 شام اپریل 14, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔