اربعین زائرین کی پریشانی پر سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس کا سینیٹ قائمہ کمیٹی سے فوری نوٹس کا مطالبہ
شیعیت نیوز : اربعین کے موقع پر زمینی بارڈر کی بندش اور زائرین کو پیش آنے والی مشکلات کے پیش نظر قائدِ وحدت، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے چیئرمین سینیٹر مولانا عطاءالرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے زائرین کی شدید پریشانی، مالی نقصان اور مذہبی جذبات مجروح ہونے پر گہرے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے تاحال کسی واضح حکمتِ عملی کے فقدان پر تشویش ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ زیارت ہمارے لیے صرف سفر نہیں، بلکہ عبادت کا درجہ رکھتی ہے، اور اس میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : زائرین کو روکنا آئینی و مذہبی حق کی خلاف ورزی ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے: سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس
سینیٹر مولانا عطاءالرحمان نے معاملے کی سنگینی کو تسلیم کرتے ہوئے بھرپور تعاون کا وعدہ کیا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ یہ معاملہ اعلیٰ سطح پر اٹھائیں گے۔ ان کے مطابق وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے زمینی راستے بند کرنے کا کوئی باضابطہ فیصلہ تاحال موجود نہیں ہے، اور وہ اس مسئلے پر جلد وزیرِ مذہبی امور سے باضابطہ ملاقات کریں گے۔
قائدِ وحدت سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امید ظاہر کی کہ حکومت زائرین کے مذہبی و آئینی حق کا احترام کرے گی اور اربعین کے مقدس سفر کو سہولت اور تحفظ کے ساتھ ممکن بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے گی۔







