ناہید-2 سیٹلائٹ سے پہلا ڈیٹا موصول، ایران کی خلائی خودکفالت کی جانب بڑی پیش رفت
اس کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے ذریعے پہلی مرتبہ ایران کی مقامی مواصلاتی ٹیکنالوجی کا خلا میں تجربہ کیا جارہا ہے۔

شیعیت نیوز : ایرانی خلائی ادارے نے اعلان کیا ہے کہ جمعہ کی صبح مدار میں بھیجے گئے جدید مواصلاتی سیٹلائٹ ناہید-2 سے پہلا ٹیلی میٹری ڈیٹا کامیابی سے موصول ہو گیا ہے۔ موصول شدہ ڈیٹا سے تصدیق ہوئی ہے کہ سیٹلائٹ مکمل طور پر فعال اور خلاء میں مستحکم انداز سے کام کررہا ہے۔
خلائی ادارے کے سربراہ حسن سالاریہ نے اسے ایران کی خلائی ٹیکنالوجی میں خود انحصاری کی سمت ایک اسٹریٹجک کامیابی قرار دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ ناہید سیریز کا تیسرا ورژن ناہید-3 بھی اس وقت زیر تعمیر ہے، جس سے ایران کی خلائی صلاحیتوں کو مزید تقویت ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں : استنبول میں ایران اور یورپی ٹرائیکا کے درمیان اہم جوہری مذاکرات کا آغاز
ناہید-2 کو روس کے مشہور ووستوچنی کوسموڈروم سے سوئیوز راکٹ کے ذریعے کامیابی کے ساتھ مدار میں بھیجا گیا۔ یہ سیٹلائٹ کم زمینی مدار میں تقریباً 500 کلومیٹر کی بلندی پر گردش کرے گا، جبکہ اس کا وزن 110 کلوگرام ہے۔
یہ سیٹلائٹ، ناہید-1 کا جدید تر ورژن ہے۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے ذریعے پہلی مرتبہ ایران کی مقامی مواصلاتی ٹیکنالوجی کا خلا میں تجربہ کیا جارہا ہے۔
ایران 2005 سے خلائی ٹیکنالوجی کی ترقی میں مصروف ہے اور ناہید-2 کی کامیابی اس راہ میں ایک نیا سنگ میل ہے، جو نہ صرف قومی سائنسی خودکفالت بلکہ مواصلاتی خودمختاری کی جانب بھی واضح پیش قدمی ہے۔