یونان، بندرگاہ پر فلسطین کے حامی مظاہرین کا اسرائیلی کشتی کا محاصرہ
فلسطینی عوام سے یکجہتی میں پرامن مظاہرے نے اسرائیلی سفارتی حلقوں میں تشویش پیدا کر دی

شیعیت نیوز : یونان میں فلسطین کے حامی مظاہرین نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے طور پر ایک اسرائیلی کشتی کا محاصرہ کر لیا اور صہیونی مسافروں کو بندرگاہ چھوڑنے پر مجبور کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق، صہیونی ٹی وی چینل 12 نے بتایا کہ مانو شپنگ نامی اسرائیلی کمپنی کی ایک کشتی، جس پر درجنوں اسرائیلی شہری سوار تھے، یونان کی ایک بندرگاہ پر لنگر انداز تھی کہ اچانک درجنوں فلسطین نواز مظاہرین نے بندرگاہ کو گھیرے میں لے لیا۔ مظاہرین نے "آزاد فلسطین” اور "غزہ کا محاصرہ ختم کرو” جیسے نعرے لگاتے ہوئے صہیونیوں کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ عالمی برادری اسرائیل کی نسل پرستی، غزہ کے محاصرے اور فلسطینی عوام پر جاری مظالم کے خلاف عملی اقدام کرے اور اسرائیل کے ساتھ سیاحتی، تجارتی و سفارتی تعلقات منقطع کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں : محمد باقر قالیباف کا شہید جنرل غلام علی رشید کو بے مثال خراج عقیدت
اس پر زور مظاہرے کے بعد کشتی کو بندرگاہ چھوڑ کر پیچھے ہٹنا پڑا۔ جیسے ہی صہیونی مسافر بندرگاہ سے روانہ ہوئے، فلسطین کے حامیوں نے خوشی سے نعرے لگائے، پرچم لہرائے اور کامیابی کا جشن منایا۔ انہوں نے اس واقعے کو اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایک پرامن، مؤثر اور بامعنی ردعمل قرار دیا۔
واقعے کے بعد اسرائیل میں سخت تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ صہیونی وزیر خارجہ گدعون ساعر نے فوری طور پر یونانی ہم منصب سے رابطہ کرکے اس صورتحال میں مداخلت اور اسرائیلی مسافروں کو تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی۔
صہیونی ذرائع ابلاغ نے اس واقعے کو ایک سفارتی دھچکہ قرار دیا ہے، جبکہ فلسطین نواز حلقے اسے عالمی سطح پر عوامی بیداری اور اسرائیل کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت کی علامت قرار دے رہے ہیں۔