اربعین 2025: پاکستانی زائرین کی بسوں پر سخت نگرانی، دو مستند ڈرائیور لازمی قرار

21 جولائی, 2025 19:56

شیعیت نیوز : ایرانی ٹریفک پولیس کے سربراہ سردار سید تیمور حسینی نے اربعین حسینی 2025ء کے موقع پر پاکستانی زائرین کی بسوں پر سخت نگرانی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشرقی سرحدوں، بالخصوص میرجاوہ اور ریمدان کے راستے داخل ہونے والی بسوں کی نقل و حرکت پر پولیس کی خصوصی توجہ مرکوز ہے۔

انہوں نے ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا کہ اربعین کے ایام میں زائرین کو باحفاظت اور باسہولت سفر فراہم کرنے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔

ان کے مطابق شہری بسوں میں مسافروں کی گنجائش 20 افراد کردی گئی ہے، تاہم ساتھ ہی سخت نگرانی اور حفاظتی تدابیر پر بھی مکمل عمل درآمد کیا جائے گا تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران اور عراق ایک مورچے میں کھڑے ہیں، اسرائیل کے خلاف جنگ جاری ہے: عراقی وزیر اعظم

سردار حسینی نے پاکستانی بسوں کے حوالے سے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہر بس میں کم از کم دو مستند اور ماہر ڈرائیور ہونا لازمی ہے۔ یہ فیصلہ گزشتہ سال یزد میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے کے بعد کیا گیا، جس میں عتبات عالیات جانے والی پاکستانی زائرین کی ایک بس الٹنے سے 28 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

ٹریفک پولیس کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہم تمام دستیاب وسائل جیسے مینی بسیں، وینز اور مجاز پرائیویٹ گاڑیوں کے ذریعے زائرین کو مکمل اور بامعنی سفری سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی، مؤثر منصوبہ بندی اور مسلسل نگرانی اربعین کے دوران پولیس کی تین بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں تاکہ زائرین کا سفر محفوظ، منظم اور پرامن طریقے سے انجام پا سکے۔

9:10 شام اپریل 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔