40 ہزار زائرین لاپتہ نہیں، وزیر مذہبی امور نے بیان کی وضاحت کر دی

20 جولائی, 2025 13:33

شیعیت نیوز : ڈان نیوز کے مطابق، پاکستانی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے صحافیوں سے گفتگو میں انکشاف کیا ہے کہ تقریباً 40 ہزار زائرین کا ریکارڈ تاحال صرف کاغذی صورت میں موجود ہے اور مرکزی ڈیجیٹل رجسٹری میں منتقل نہیں کیا گیا۔

انہوں نے وضاحت کی کہ "ایسا ہرگز نہیں کہا گیا کہ ہزاروں پاکستانی لاپتہ ہیں”۔

تاہم، یہ ابتدائی خبر خود وزیر موصوف کی طرف سے اس وقت سامنے آئی تھی جب انہوں نے ایران اور عراق سے زائرین کی واپسی میں تاخیر اور سفری نظام میں اصلاحات کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : دمشق پر حملہ محض آغاز ہے، اسلامی ممالک ہوشیار ہو جائیں: ایرانی پارلیمانی اسپیکر

وزارت مذہبی امور نے اس طرح کی غلطیوں سے بچنے اور سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے ایران، عراق اور شام جانے والے زائرین کے لیے جدید آن لائن رجسٹریشن سسٹم متعارف کرایا ہے۔

یہ اقدام ان افراد کو روکنے کے لیے بھی کیا گیا ہے جو زیارت کو یورپ کی طرف غیر قانونی ہجرت کا ذریعہ بناتے ہیں، خصوصاً ترکی کے راستے۔

نئے نظام کے تحت تمام ٹور آپریٹرز کا باقاعدہ اندراج لازمی قرار دیا گیا ہے، جیسا کہ سعودی عرب میں عمرہ کے لیے کیا جاتا ہے۔

سردار یوسف نے بتایا کہ اب ہر زائر اور گروپ منتظم کو QR کوڈ جاری کیا جائے گا تاکہ ان کی شناخت اور رابطہ آسان ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سفر سے قبل زائرین کی مکمل فہرستیں ایران، عراق اور شام کے متعلقہ حکام کو فراہم کرے گی۔

وزیر موصوف نے امید ظاہر کی کہ یہ پیشگی اقدام پاکستانی زائرین کی نقل و حرکت سے متعلق ہر قسم کی غلط فہمی یا پراپیگنڈے کو ختم کر دے گا۔

2:49 صبح اپریل 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔