اہم ترین خبریںپاکستانپاکستان کی اہم خبریںمقبوضہ فلسطین

فلسطینیوں کے قتل عام پر سامراج کی خاموشی، ویٹو کا سہارا ظلم کی کھلی حمایت ہے: علامہ ساجد علی نقوی

علامہ ساجد علی نقوی کا مؤقف: اسرائیل کے مظالم کے پیچھے سامراجی ہاتھ، پاکستان میں سامراج کی ستائش قابلِ مذمت

شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی نے چالیس سے زائد مرتبہ غزہ جنگ بندی کی قرارداد کو سلامتی کونسل میں ویٹو کرنے پر ردعمل اور پاکستان میں سامراج کی نام نہاد "امن” پالیسی کی ستائش پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: ایک مرتبہ پھر ثابت ہو گیا کہ ناجائز صہیونی ریاست کے دوام کے لیے چاہے آخری فلسطینی تک اس ظلم کی بھینٹ چڑھ جائے، سامراج اس کی پشت پناہی کے ساتھ اس کا تحفظ جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا: پوری دنیا ان مظالم پر چیخ اٹھی مگر سامراج اور اس کے حواری ٹس سے مس نہ ہوئے، ایسے بیانات اور اقدامات سے گریز کیا جائے جو صہیونیت کو مزید شہ دیں اور غزہ و فلسطین کے مظلوموں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہوں۔

یہ بھی پڑھیں : حج، توحیدی زندگی کی مشق اور غزہ کے مظلوموں کی حمایت کا پیغام ہے: رہبر معظم

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: غزہ، مقبوضہ بیت المقدس، راملہ، مغربی کنارہ سمیت فلسطین کے چپے چپے پر کون سا ظلم، کون سی قیامت اور ایسی سفاکیت ہے جو برپا نہ کی گئی ہو، بچے کھچے فلسطینی مظلوموں کے لیے جنگ بندی کی ایک اور قرارداد سلامتی کونسل میں پیش کی گئی مگر افسوس ایک مرتبہ پھر سامراج اسی طرح اس قرارداد پر چڑھ دوڑا، جیسا اسرائیلی ریاست مظلوم نہتے فلسطینیوں پر ٹینکوں، بارود اور جنگی جہازوں کے ذریعے چڑھ دوڑی۔

انہوں نے مزید کہا: اس سے یہ بات روزِ روشن کی طرح واضح اور ہمارا مؤقف ایک مرتبہ پھر مزید تقویت کے ساتھ سامنے آ گیا کہ فلسطین میں جاری ظلم کے پیچھے اصل ہاتھ یہی ظالم سامراج ہے اور اسی کی پشت پناہی میں ظلم کی داستانیں رقم کی جا رہی ہیں۔ مگر افسوس پاکستان میں سامراج کی پالیسیوں کی تائید و ستائش کی جا رہی ہے، لہٰذا ایسے تمام بیانات اور اقدامات سے گریز کیا جائے کیونکہ سامراج کی ستائش بارے بیان و اقدام مسئلہ فلسطین سے میل نہیں کھاتے اور انہیں کسی صورت قوم و ملت تسلیم نہیں کرے گی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button