صیہونی جارحیت میں شدت، امداد کے منتظر فلسطینیوں پر حملے، درجنوں شہید و زخمی
رفح میں امدادی مرکز پر اسرائیلی فوج کی بمباری، فلسطینی وزارت صحت کا شدید ردعمل اور تشویش کا اظہار

شیعیت نیوز : فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ منگل کی صبح صیہونی حکومت کے فوجیوں نے رفح کے العلم علاقے میں انسانی امداد کی تقسیم کے لیے معین مقام پر، جہاں فلسطینی شہری امداد حاصل کرنے کے انتظار میں کھڑے تھے، وحشتناک جرائم کا ارتکاب کرتے ہوئے ستائیس فلسطینیوں کو شہید اور نوے کو زخمی کر دیا، جن میں سے بعض کی حالت سخت تشویشناک ہے۔
صیہونی حکومت کی فوج نے شمالی غزہ اور شہر غزہ پر اپنے فضائی حملوں اور گولہ باری کا سلسلہ تیز کر دیا ہے اور ایسا جنگ بندی مذاکرات کے تعطل کا شکار ہونے کے بعد کیا گیا ہے۔ شدید بمباری، گھروں کا انہدام، باقی بچی ہوئی رہائشی عمارتوں اور بلڈنگوں کو ڈھانا، اور شمالی غزہ پٹی کے باشندوں کے لیے قابض فوج کی جانب سے جاری احکامات، سب کچھ فلسطینیوں کو جنوبی غزہ کی جانب کوچ پر مجبور کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
غاصب صیہونی فوج شمالی غزہ پر مسلسل بمباری کر کے اس علاقے کو خالی کرانے اور فلسطینیوں کو غزہ پٹی سے باہر نکلنے پر مجبور کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق فلسطینی ذرائع نے غزہ پٹی کے مرکز میں پناہ گزینوں کے خیموں پر بمباری میں تین فلسطینیوں کے شہید ہونے اور دسیوں کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شام میں تکفیری دہشتگردوں کا آیت اللہ سید علی سیستانی کے دفتر پر حملہ
اسی طرح میڈیا ذرائع نے جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کے مضافات میں غاصب صیہونی حکومت کے فوجی ہیلی کاپٹروں کے حملے کی اطلاع دی ہے۔ اسرائیلی توپ خانوں نے شہر خان یونس کے مواصی علاقے پر بھی سخت گولہ باری کی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے، جبکہ شہر غزہ کے مشرقی علاقوں پر قابض اسرائیلیوں کی فائرنگ کی خبریں بھی موصول ہوئی ہیں۔
فلسطین کے میڈیکل ذرائع نے منگل کی صبح فلسطینی نوجوانوں پر صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں دس فلسطینیوں کی شہادت اور متعدد کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے، جو مغربی شہر رفح میں امداد حاصل کرنے کے منتظر تھے۔ اس سے قبل بھی صیہونی حکومت کی فوج انسانی امداد کے منتظر فلسطینی شہریوں پر فائرنگ کر کے سیکڑوں افراد کو شہید و زخمی کر چکی ہے۔
فلسطین کی وزارت صحت نے اپنے تازہ ترین اعداد و شمار میں بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں صیہونی فوجیوں کے حملوں میں ستر فلسطینی شہید اور پانچ سو تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت نے امداد رسانی کے کاموں میں پیش آنے والی مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی متعدد فلسطینی ملبے کے نیچے دبے ہوئے اور سڑکوں پر پڑے ہوئے ہیں اور امدادی کارکن شدید بمباری کے باعث ان تک نہیں پہنچ پا رہے ہیں۔