ملی یکجہتی کونسل کا صوبائی اجلاس، ضلع کرم کی صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار
شیعیت نیوز : ملی یکجہتی کونسل خیبر پختونخوا کی صوبائی کونسل کا اجلاس مرکز اسلامی پشاور میں صوبائی صدر عبدالواسع کی زیرصدارت منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کے صوبائی صدر عبدالواسع نے کہا کہ فلسطین اور غزہ میں گزشتہ دو سالوں سے اسرائیلی جارحیت پر اسلامی دنیا کے حکمرانوں سمیت پوری دنیا کے حکمران دہرے معیار پر کاربند ہیں۔
اسرائیل غزہ میں مسلسل انسانیت کو ملیامیٹ کررہا ہے جبکہ امریکہ سمیت دیگر حکمرانوں خاص طور اسلامی دنیا کے حکمرانوں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔
اجلاس میں گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کو غزہ کے مظلومین کے لئے آواز اٹھانے پر اہلیہ اور بچوں سمیت گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کے شرمناک عمل پر شدید برہمی کا اظہار کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : ضلع خیبر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، امن لشکر کا رکن جاں بحق ہو گیا
وفاقی حکومت اور اسلام آباد پولیس کے اس عمل کو امریکہ اور اسرائیل نوازی کی بدترین مثال قرار دیا گیا۔
وزارت حج اور حکومت پاکستان کی غفلت سے اس سال 67 ہزار سے زائد حجاج کرام کی سفرحج سے محرومی پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
خیبر پختونخوا میں ایک بار پھر بدامنی کی تازہ ترین لہر، امن و امان کی بگڑتی صورتحال، ڈرون حملوں، کرم اور جنوبی اضلاع میں جاری شورش پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
فیصلہ کیا گیا کہ اس حوالے سے عید کے فوراً بعد ملی یکجہتی کونسل کی صوبائی کونسل کا اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں ان مسائل کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔







