انجینئر حمید حسین کی قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت، ضلع کرم کے مسائل پر طویل گفتگو
شیعیت نیوز : ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈر و رکن قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین طوری نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ایشورنس میں شرکت کی اور مختلف قومی و عوامی مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے اپنے حلقہ ضلع کرم کے سنگین مسائل کمیٹی کے سامنے پیش کیے۔
انہوں نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ قومی اسمبلی کے فلور پر بارہا ٹل پارا چنار روڈ کو محفوظ بنا کر عوام کے لیے بحال کرنے کے حوالے سے قراردادیں پیش کیں۔
پوائنٹ آف آرڈر پر آواز بلند کی اور حتیٰ کہ احتجاج بھی ریکارڈ کروایا، تاہم بدقسمتی سے حکومت نے اب تک اس حوالے سے کسی بھی عملی اقدام کا مظاہرہ نہیں کیا۔
مسلسل سیکیورٹی خدشات، ناکوں اور بندشوں کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس سے علاقے میں بے چینی اور احساس محرومی جنم لے رہی ہے۔
یہ مسئلہ محض ایک سڑک کا نہیں بلکہ ہزاروں شہریوں کے بنیادی حقِ آمد و رفت اور معاشی زندگی کا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وحدت یوتھ پاکستان کی 10 رکنی مرکزی نظارت کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا
وزیر اعظم کی سربراہی میں جی بی کونسل کے سال میں دو اجلاس بلانا آئینی تقاضا ہے لیکن تین سال سے کوئی اجلاس نہیں ہوا۔
لہذا اجلاس بلا کر مقامی افراد میں لینڈ ریفارمز بل کے حوالے سے پیدا ہونے والی بے چینی کو بروقت ایڈریس کیا جائے۔
کے پی کے میں انٹر میڈیٹ کلاسز کا ایک سالانہ امتحانی پرچہ منسوخ ہوا تھا اس کا بھی جلد پیپر لیا جائے تاکہ طلباء کو مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کمیٹی نے انجینئر حمید حسین طوری کی گزارشات کا سنجیدگی سے نوٹس لیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی کہ ٹل پارا چنار روڈ کو فوری طور پر محفوظ بنا کر کھولنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
آخر میں انجینئر حمید حسین نے کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس بار حکومت سنجیدہ عملی اقدامات کرے گی تاکہ ضلع کرم کے عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔







