ملک کی معاشی صورتحال ابتر ہو چکی ہے، علامہ حافظ ریاض حسین نجفی
شیعیت نیوز : وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے یوم تکبیر کو قومی وقار اور فخر کا دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان پاکستان کے عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت ہونے پر فخر کرتے ہیں۔
ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھنے والے قومی محسنوں کی کاوشوں کو نہیں بھلا سکتے۔
مایہ ناز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی تو نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرکے بھارت کے مقابلے میں قومی مورال کو بلند کیا۔
بحیثیت پاکستانی قوم ہمارے لیے ملکی دفاع اور قومی سلامتی سے زیادہ کوئی چیز اہمیت نہیں رکھتی۔
یوم تکبیر کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم دفاع وطن کے اقدامات میں حصہ لینے والے ہر شخص کی مقروض ہے مگر افسوس ایٹمی پروگرام کے بانی ذوالفقار علی بھٹو اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان جیسے محسنوں کیساتھ آخری دنوں میں کوئی اچھا سلوک نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : شیعہ علماء کونسل ضلع ملتان کی کابینہ کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا
حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ ایٹمی پروگرام میزائل ٹیکنالوجی کی مدد اور اللہ تعالیٰ کی نصرت سے بھارت کے مقابلے میں افواج پاکستان نے 10 مئی کو فتح حاصل کی۔
یہ سب ایٹمی پروگرام ہی کی وجہ سے ممکن ہوا۔
قوم اپنے ہیروز کو یاد رکھے گی۔
اب ضرورت اس امر کی ہے کہ عام آدمی کے مسائل کو حل کیا جائے، دولت کا ارتکاز چند خاندانوں تک محدود رکھنے کی بجائے، ہر پاکستانی کو سہولیات دستیاب ہونی چاہیئں۔
معاشی صورتحال ابتر ہو چکی ہے۔
ہم آئی ایم ایف کے غلام بن چکے ہیں۔
غلامی کی ان زنجیروں کو توڑ کر ہمیں معاشی خود کفالت کی طرف بڑھنا چاہیے۔







