نصاب تعلیم کسی بھی قوم کے مستقبل کا آئینہ دار ہوتا ہے، علامہ مقصود ڈومکی
شیعیت نیوز : مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے شعبہ نصاب تعلیم کونسل کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان نصاب تعلیم کونسل کے زیر اہتمام 18 جون 2025 کو لاہور میں پنجاب سطح کی "قومی نصاب تعلیم کانفرنس” کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
جس کا مقصد ایک متوازن، غیر متنازعہ اور قومی وحدت و اتحاد بین المسلمین پر مبنی نصاب تعلیم کی تشکیل پر مشاورت اور لائحہ عمل کی تیاری ہے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کانفرنس کے دعوتی سلسلے میں لعل مہدی خان، ادارہ خودی ہمدرد ہاؤس کے صدر جواد جعفری اور عزاداری کونسل لاہور ڈویژن کے رہنماء شیخ عمران علی کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ نصاب تعلیم کسی بھی قوم کے مستقبل کا آئینہ دار ہوتا ہے۔
موجودہ متنازعہ نصاب تعلیم کو ملت جعفریہ اور محبان اہل بیت اہل سنت نے متفقہ طور پر مسترد کیا ہے۔
اب وقت کا تقاضا ہے کہ ایک ایسا متفقہ، غیر جانبدار اور حب الوطنی پر مبنی نصاب تعلیم ترتیب دیا جائے جو حب الوطنی قومی یکجہتی اور اتحاد بین المسلمین کا علمبردار ہو۔
یہ بھی پڑھیں : علامہ سید ساجد علی نقوی کی خضدار میں اسکول بس پر دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت
نصاب تعلیم کونسل کے سیکرٹری غلام حسین علوی نے بھی صوبائی نصاب تعلیم کانفرنس لاہور کے حوالے سے سرگرم کردار ادا کرتے ہوئے مختلف شخصیات کو کانفرنس کے دعوت نامے پیش کئے۔
جن میں امام بارگاہ گلشن زہرا وحدت روڈ لاہور کے بانی و متولی سیٹھ حسنین ظفر کے لیے دعوت نامہ شاکر بخاری کے ذریعے پیش کیا گیا۔
سیٹھ حسنین کی ناسازی طبع پر ان کی صحت و سلامتی کی دعا کی گئی۔
امام بارگاہ قصر علی وحدت روڈ لاہور کے بانی و متولی ملک زوار حسین کو دعوت نامہ غلام حسین علوی نے براہ راست پیش کیا۔
جس پر ملک صاحب نے کانفرنس کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
علمی، دینی، تعلیمی و سماجی شخصیات کو اس اہم قومی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
تاکہ سب مل کر ایک روشن، باوقار اور باہمی احترام پر مبنی نصاب تعلیم کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔







