سانحہ خضدار: معصوم بچوں پر حملہ بھارت و اسرائیل کی سازش، مجلس وحدت مسلمین
بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش ناکام ہوگی، دہشتگردوں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنماؤں علامہ باقر عباس زیدی، علامہ صادق جعفری اور علامہ مبشر حسن نے خضدار میں معصوم بچوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بزدلانہ کارروائی بھارت اور اسرائیل کی سازش ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں معصوم بچوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا، اور اب بلوچستان میں دہشت گردی پھیلا کر مختلف طبقات میں خوف کی فضا پیدا کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی طلباء کی فردو جوہری مرکز کے گرد انسانی زنجیر
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بھارت و اسرائیل عالمی میڈیا میں پاکستان کو غیر محفوظ ریاست ثابت کرنے کی مذموم سازشوں میں مصروف ہیں۔ ماضی کا سانحہ پشاور اور آج کا سانحہ خضدار تاریخ کی بدترین دہشتگردی ہیں۔ استعماری قوتیں پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں میں ملوث ہیں، جبکہ بلوچستان میں جاری دہشتگردی کے پیچھے بھارتی و اسرائیلی خفیہ ایجنسیوں کا ہاتھ ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک و اسلام دشمن عناصر کی شکست کا دن ہے، پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے۔
انہوں نے کہا کہ ننھے پھولوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ واقعہ میں ملوث دہشتگردوں کے خلاف فوری آپریشن کا مطالبہ کرتے ہوئے شہید بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اپیل کی۔