اہم ترین خبریںپاکستانپاکستان کی اہم خبریںمقبوضہ فلسطین

غزہ میں 48 گھنٹے میں امداد نہ پہنچی تو 14 ہزار شیرخوار بچے مر سکتے ہیں، علامہ مقصود ڈومکی

اقوام متحدہ کی وارننگ عالم ضمیر کو جھنجھوڑنے والی ہے، حکومت پاکستان ہنگامی اجلاس طلب کرے

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے غزہ میں پیدا ہونے والے سنگین انسانی بحران پر اقوام متحدہ کی تازہ ترین وارننگ کو عالم انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑنے والی خبر قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی امور کے سربراہ ٹام فلیچر نے خبردار کیا ہے کہ اگر 48 گھنٹوں کے اندر غزہ میں فوری انسانی امداد نہ پہنچی تو تقریباً 14 ہزار شیر خوار بچے بھوک، بیماری اور دوا کی قلت کے باعث جان کی بازی ہار سکتے ہیں۔ انہوں نے اسے لمحۂ فکریہ قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر علامہ غضنفر علی حیدری بلامقابلہ شیعہ علما کونسل ملتان کے ضلعی صدر منتخب

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ عالمی ضمیر کی بے حسی، مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی اور قبلۂ اول کے وارثوں کے حق میں صرف زبانی جمع خرچ ناقابل معافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا یہ اعتراف کہ موجودہ امداد "سمندر میں ایک قطرہ” کے مترادف ہے، اس بات کا بین ثبوت ہے کہ غزہ کے 23 لاکھ مظلوم باشندے مکمل محاصرے اور انسانی المیے کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی بربریت کے خلاف دنیا بھر میں آوازیں بلند ہو رہی ہیں، لیکن بدقسمتی سے بیشتر مسلم ممالک کے حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

علامہ مقصود ڈومکی نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کرے اور غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے۔

انہوں نے عالم اسلام کے علمائے کرام، انسانی حقوق کی تنظیموں، میڈیا اور رائے عامہ کے مؤثر طبقات سے اپیل کی کہ وہ غزہ کے نہتے عوام، بالخصوص معصوم بچوں کی جان بچانے کے لیے آواز بلند کریں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button