پاکستان کے غیور عوام دشمن کی ہر سازش کو خاک میں ملا دیں گے، علامہ مقصود ڈومکی
یوم تشکر ریلی سے خطاب، فلسطین و کشمیر کے مظلومین سے اظہارِ یکجہتی

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ اہل ایمان آپس میں نرم دل اور باہمی محبت و اخوت سے سرشار ہوتے ہیں، جبکہ کفار و مشرکین کے مقابلے میں سخت اور باہمت ثابت ہوتے ہیں۔ پاکستان کے 25 کروڑ غیور عوام اپنے ایمانی جذبے سے وطن عزیز کے چپے چپے کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں۔ دشمن کی مکروہ سازشیں، خصوصاً مودی سرکار کے ناپاک عزائم، خاک میں ملا دی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : علامہ غلام حسنین وجدانی سعودی عرب میں 28 دن سے لاپتہ، حکومتی خاموشی تشویشناک
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام وطن عزیز پاکستان کی کامیابی اور آپریشن "بنیان مرصوص” کی کامرانی پر یوم تشکر کے سلسلے میں برآمد ہونے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یوم تشکر کی اس ریلی میں مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی سمیت مختلف مذہبی، سماجی اور سیاسی شخصیات سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور وطن عزیز کے دفاع، مظلومین عالم کی حمایت اور امت مسلمہ کے اتحاد کا عزم دہرایا۔
علامہ مقصود ڈومکی نے اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کلمہ طیبہ کے سائے تلے پوری امت مسلمہ ایک جسد واحد کی مانند ہے۔ اگر جسم کے ایک حصے میں درد ہو تو پورا جسم اس کا احساس کرتا ہے۔ کشمیر اور فلسطین کے مظلوموں کا درد ہم اپنے دل میں محسوس کرتے ہیں اور ان کی حمایت کو اپنا دینی و اخلاقی فریضہ سمجھتے ہیں۔
انہوں نے عالمی استعمار اور صیہونی طاقتوں کے گٹھ جوڑ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہود و نصاریٰ ہرگز امت مسلمہ کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔ اسرائیل اور بھارت کا اتحاد امت مسلمہ کے خلاف سنگین سازش ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام مسلم ممالک باہمی اختلافات کو بھلا کر ایک دوسرے کے ساتھ اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں تاکہ دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنایا جا سکے۔