ضلع کرم اور بلوچستان میں دہشت گردی، علامہ ساجد نقوی کا اظہار تشویش
شیعیت نیوز: سربراہ شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کا ضلع کرم ایک طویل عرصے سے مصائب و مشکلات کا شکار ہے۔ آئے روز وہاں عام عوام اور سرکاری اہلکار دہشت گردی کا نشانہ بنتے رہتے ہیں۔ گزشتہ دنوں پاراچنار جانے والے سرکاری امدادی قافلے پر دہشت گردوں کا ہونے والا حملہ انتہائی تشویشناک ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فوج کا کالعدم لشکر جھنگوی کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ ہم اس حملے کے نتیجے میں سیکیورٹی و سویلین افراد کی ہونے والی المناک شہادتوں پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار کرتے ہیں۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ اسی طرح بلوچستان، بارکھان کے مقام پر بس سے اتار کر 7 مسافروں کی ٹارگٹ کلنگ بھی انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے جاں بحق مسافروں کے لواحقین سے بھی گہرے دکھ و ہمدردی کا اظہار کیا۔
سربراہ شیعہ علماء کونسل پاکستان نے کہا کہ ایک عرصے بعد دوبارہ انتہاپسندوں و دہشت گردوں کا سر اٹھانا بہت سے سوالات کو جنم دے رہا ہے۔ صوبہ بلوچستان و خیبرپختونخوا، خصوصاً سرحدی علاقوں میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں۔







