ریاض میں ایران کے اسلامی انقلاب کی 46ویں سالگرہ کی تقریب
ایرانی سفیر کا سعودی عرب کے ساتھ تعلقات میں بہتری اور فلسطین کی حمایت پر زور

شیعیت نیوز: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایران کے اسلامی انقلاب کی 46ویں سالگرہ کی تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں ریاض ریجن کے نائب امیر، ملک کے نائب وزیر داخلہ، نائب وزیر دفاع، وزارت خارجہ کے حکام، اور سعودی عرب کے ثقافتی عہدیداروں نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی جارحیت کے خلاف علاقائی اتحاد ضروری ہے، ایرانی جنرل باقری
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے سفیر علی رضا عنایتی نے ہمسایہ ممالک خصوصاً خلیج فارس کے ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے ایران کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان گزشتہ دو سالوں میں ہونے والی پیشرفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون کو فروغ دینے کی سمت میں گامزن ہیں۔
ایرانی سفیر نے صیہونی ریاست کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے نہتے فلسطینیوں کے قتل عام پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور فلسطین میں فوری جنگ بندی کے لیے عالمی کوششوں پر زور دیا۔
تقریب میں ایرانی دستکاری کی ایک خصوصی نمائش بھی منعقد کی گئی، جس میں قالین، ٹیپسٹری، خطاطی کے نمونے اور ایران کے تاریخی مقامات کی تصاویر شامل تھیں، جو ایران کی ثقافتی ورثے کی نمائندگی کرتی ہیں۔